Thursday, April 25, 2024
Homeٹرینڈنگمفتی اشتیاق احمد قاسمی کو مانو سے پی ایچ ڈی کی ڈگری

مفتی اشتیاق احمد قاسمی کو مانو سے پی ایچ ڈی کی ڈگری

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ دارالعلوم دیوبند کے استاد مفتی اشتیاق احمد قاسمی کو ان کے تحقیقی مقالے علما ء دیوبند کی اردو سوانح عمریوں کا تنقیدی جائزہ پر پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی ۔مفتی اشتیاق احمد نے یہ مقالہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے استاد ڈاکٹر شمس الہدی دریابادی کی نگرانی میں مکمل کیا ۔ اس مقالہ پر شعبہ اردو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے ہال میں مناقشہ ہوا ،ممتحن کی حیثیت سے سابق صدرشعبہ اردوعثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد ڈاکٹر فاطمہ پروین تشریف لائی تھیں ،انہوں نے طویل مناقشہ کے بعد مقالہ کی ستائش کی اور اسے ممتاز تحقیقی مقالوں میں قرار دیتے ہوئے ریسرچ اسکالر مفتی اشتیاق احمد قاسمی اورنگراں ڈاکٹر شمس الہدی دریابادی کو مبارکباد دی ۔

مفتی اشتیاق احمد نے اپنےا س تحقیقی مقالہ میں علماء دیوبند کی سوانح عمریوں کا سائنٹفک مطالعہ کیا ہے اور جدید اصول کے مطابق علماء دیوبند کی سوانح عمریوں کا تنقیدی ،تحقیقی اور تقابلی جائزہ پیش کیا ہے ۔ اس موقع پر شعبہ اردو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدر آباد کے صدر پروفیسر نسیم الدین فریس ،پروفیسر فاروق بخشی ،ڈاکٹر جابر حمزہ ،ڈاکٹر بی بی رضا ،شعبہ عربی کے استاد ڈاکٹر جاوید ،شعبہ تعلیم کے استاد ڈاکٹر افروز ،اس کے علاوہ بڑی تعداد میں ریسرچ  اسکالرس ،طلبہ موجودتھے۔

مفتی اشتیاق احمد قاسمی دارالعلوم دیوبند میں تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں ،اس سے قبل ڈکٹر شمس الہدی کی ہی نگرانی میں دارالعلوم دیوبند کے تین بڑے شاعر کے عنوان سے مقالہ تحریر کر چکے ہیں جس پر انہیں ایم فل کی ڈگری تفویض کی گئی تھی ۔

اس اہم کامیابی کےلیے بڑی تعداد میں سرکردہ شخصیات اور دانشوروں نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے ۔جن میں سے چند نام ڈاکٹر ابوبکر عباد استاد شعبہ اردو دہلی یونیورسٹی ،دارالعلوم دیوبند کے شیخ الحدیث و صدر المدرسين مفتی سعید احمد پالنپوری، مفتی اشرف عباس قاسمی ،مولانا شاہ عالم گورکھپوری، جامعہ ربانی منوروا شریف کے مہتمم مفتی اختر امام عادل قاسمی ،مولانا احمد سجاد قاسمی، پروفیسر شمس عالم قمر، ڈاکٹر نوشاد عالم، مفتی رضوان قاسمی ممبئی، عبدالباری قاسمی ،نایاب حسن قاسمی ،شاداب شمیم ،والد انوار احمد، ارشاد ،فیضان عالم اور دیگر شامل ہیں۔