علی گڑھ : شہر علی گڑھ کے مفتی محمد خالد حمید نے شہر کے تمام مساجد کے منتظمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ جمعہ کے دن سڑکوں پرنماز پڑھنے کے بجائے مساجد کی چھت پر نماز ادا کرنے کے انتطامات کریں۔شہر کے مفتی کی طرف سے یہ اعلان مسلم طبقہ کے افرادکی ضلعی انتظامی عہدیداروں سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے،جنہوں نے سڑکوں پر ہونے والی تمام مذہبی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہیں۔
مفتی محمد خالد حمید نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اگر چہ سڑکوں پر نماز پڑھنے کا کوئی بندوبست نہیں ہے،لیکن لوگ مسجد کے اندر جگہ کی کمی کی وجہ سے بعض اوقات ایسا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا ”میں نے اس سلسلہ میں تمام مساجد کے منتظمین کو آگاہ کر دیا ہے،اور اگر ضرورت ہو تو چھت پرانتطامات کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ عید الفطر اور عید الاضحی جیسے خاص موقع پر لوگ جامع مسجد اور عید گاہ کی سڑکوں پر نماز ادا کریں گے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سی بی سنگھ نے کہا کہ خاص مواقع کے لئے مساجد یا کسی دوسرے مذہبی ادارے کو پیشگی اجازت لینی ہوگی۔اگر کوئی پابندی کی خلاف ورضی کرتے ہوئے پکڑا گیا،تو عبادت کی جگہ کے منتظم کے خلاف مذہب سے قطع نظر سخت کارروائی کی جائے گی۔اور حکام اس طرح کی خلاف ورزیوں کی ویڈیو بنا لیں گے۔
مذہبی سرگرمیوں پر پابندی کے بارے میں علی گڑھ انتظامیہ کے زیر اہتمام اجلاس میں شریک دائیں بازو کے کارکنوں اور ہندو رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جب تک دوسری برادری کے لوگ اس پابندی کی خلاف ورزی نہیں کریں گے تب تک وہ کچھ نہیں کریں گے۔علی گرھ میں بجرنگ دل کے کنوینر گو راؤ شرما نے کہا ”اگر مسلمان جمعہ کو سڑکوں پر نماز پڑھیں گے،تو ہم سڑکوں پر آرتی کریں گے اور ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کریں گے۔