Sunday, June 8, 2025
Homesliderممبئی کوالیفائر میں دہلی کے خلاف فتوحات کی ہیٹ ٹرک کی خواہاں

ممبئی کوالیفائر میں دہلی کے خلاف فتوحات کی ہیٹ ٹرک کی خواہاں

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی۔ دفاعی چمپئن ممبئی انڈینز اور دہلی کیپٹلز کے مابین جمعرات کوکھیلے جانے والے پہلے کوالیفائر سے آئی پی ایل 13 کی پہلی خطابی مقابلے کی ٹیم کا فیصلہ ہوگا اور دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچنے کے لئے اپنی تمام ترکوششیں کریں گی۔

چارمرتبہ کی فاتح ممبئی نے14 میچوں میں نو فتوحات اور18 نشانات کے ساتھ 8 ٹیموں کی فہرست میں پہلا مقام حاصل کیا جبکہ دہلی نے 14 میچوں میں آٹھ فتوحات اور 16 نشانات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ممبئی اور دہلی کے مابین پہلے کوالیفائر کی فاتح ٹیم10 نومبر کو فائنل میں پہنچے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم8 نومبرکو دوسرے کوالیفائر میں ایلیمنیٹرکی فاتح ٹیم کا سامنا کرے گی۔

ممبئی نے سب سے پہلے پلے آف میں اپنی جگہ یقینی بنائی تھی لیکن وہ اپنا آخری لیگ میچ سن رائزرس حیدرآباد سے10 وکٹوں سے ہارکر پہلے کوالیفائر میں کھیلے گی۔ دوسری جانب دہلی نے اپنے آخری لیگ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلورکو شکست دی اور وہ جیتنے والے حوصلے کے ساتھ کوالیفائر میں داخل ہوگی۔

ممبئی کو اپنی آئی پی ایل کی تاریخ میں تیسری مرتبہ 10 وکٹوں کی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ممبئی کے کپتان روہت شرما نے شکست کے بعد اعتراف کیاکہ ان کی ٹیم کے لئے دن اچھا نہیں تھا اور ٹیم دہلی کے خلاف مقابلے میں واپس آئے گی۔ ممبئی نے حیدرآباد کے خلاف اپنے تین اسٹار جسپریت بمراہ ، ہاردک پانڈیا اور ٹرینٹ بولٹ کوآرام دیا تھا اور یہ تینوں کھلاڑی کوالیفائر میں واپس آئیں گے جس سے ممبئی ٹیم مضبوط ہوگی۔

دہلی جانتی ہے کہ ممبئی اپنی ساری طاقت کے ساتھ انتہائی مضبوط ہے اور اسے شکست دینا مشکل ہے ۔ اس بار دونوں ٹیموں کا اپنا پہلا میچ ابوظہبی میں تھا جس میں ممبئی نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ دبئی میں ہوا جس میں ممبئی نے نو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

رواں لیگ میں ممبئی کا دہلی کے خلاف فتوحات کا ریکارڈصدفیصد ہے اوراگر دہلی کو راست فائنل میں جگہ بنانی ہے تو اس کے کھلاڑیوں کوکوالیفائر میں آخری لیگ میچ کی کارکردگی برقرار رکھنی ہوگی۔ دہلی کی امیدیں ایک مرتبہ پھر پچھلے میچ میں نصف سنچری بنانے والے شکھر دھون پر رہیں گی جبکہ اجنکیا رہانے کی فارم میں واپسی دہلی کے حوصلے مضبوط رکھے گی۔ رہانے نے گذشتہ میچ میں سیزن کی پہلی نصف سنچری اسکور کی تھی۔

دہلی کیپٹلز کے کپتان شریس ایر نے کہا کہ ہم ٹورنمنٹ کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہیں اور ہمیں بنیادی باتوں پر قائم رہنے کی ضرورت ہے اور اگر ہم اپنے منصوبوں پر عملدرآمد کرتے رہے تو یقینا اس کے خوشگوار نتائج برآمد ہوں گے ۔

بنگلورکے خلاف دہلی کی جیت میں فیصلہ کن کردار اداکرنے والے مین آف دی میچ فاسٹ بولر انریچ نورٹجے نے کہا ہے کہ بعض اوقات چھوٹی چھوٹی چیزیں بھی آپ کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ نورٹجے نے چار اوورز میں 33 رنز پر تین وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

نورٹجے نے کہا کہ میں نے متعدد بارکہا ہے کہ یہ صرف بنیادی چیزیں ٹھیک رکھنے کی بات ہے کسی خاص کھلاڑی کی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی طرح نہیں۔ چھوٹی چھوٹی چیزیں آپ کو اس میچ میں بہتری لانے میں مدد کرتی ہیں اور میرا خیال ہے کہ ایک مرتبہ جب آپ ان چھوٹی چھوٹی چیزوں کو ٹھیک کر لیتے ہیں تو آپ اپنی فام دوبارہ حاصل کرلیتے ہیں۔

دہلی کے ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ نے کہا کہ کھلاڑیوں نے اپنا حوصلہ برقرار رکھا جس کی وجہ سے ٹیم آخری لیگ میچ جیت کر آئی پی ایل ٹیبل میں دوسرا مقام حاصل کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اس حوصلے کو برقرار رکھیں گے اور کوالیفائر میں بھی شامل ہوں گے ۔