Wednesday, April 17, 2024
Homesliderممتا بنرجی کا شوپھندو ادھیکاری کو چیلنج ، نندی گرام کے مسلم...

ممتا بنرجی کا شوپھندو ادھیکاری کو چیلنج ، نندی گرام کے مسلم ووٹروں پر دیدی کو بھروسہ

- Advertisement -
- Advertisement -

نندی گرام ۔ مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے نندی گرام میں ان کی پارٹی چھوڑکر بی جی پی میں شامل ہونے والے شوبھندو ادھیکاری کو چیلنج کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ بھوانی پور کے ساتھ نندی گرام سے بھی انتخاب لڑیں گی۔ 2016 میں نندی گرام اسمبلی حلقہ سے ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر شوبھندو ادھیکاری کامیاب ہوئے تھے اور اب وہ بی جے پی میں شامل ہوگئے ہیں۔

ممتابنرجی نے نندی گرام کے ٹکھالی میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نندی گرام میرے دل کے قریب ہے ۔ میں اپنا نام بھول سکتی ہوں لیکن نندی گرام کو نہیں بھول سکتی ۔ نندی گرام کے عوام کے ساتھ میری جذباتی وابستگی کو دیکھتے ہوئے میں اعلان کر رہی ہوں کہ میں نندی گرام سے آئندہ انتخاب لڑنا چاہتی ہوں۔

ممتا نے مزید کہا کہ میں اپنے ریاستی صدر سبرتو بخشی سے درخواست کرتی ہوں کہ2021 کے ریاستی انتخابات میں نندی گرام سے امیدوار کے طور پر میرے نام پر غورکریں۔ میں اپنی بھوانی پورنشت کی طرف توجہ نہیں چھوڑوں گی۔ میں بھوانی پورکے عوام سے وعدہ کرتی ہوں کہ میں وہاں ایک اچھا امیدوار دوں گی۔

خیال رہے کہ نندی گرام اور سینگور میں بائیں محاذ کے حصول اراضی کے خلاف تحریک کی وجہ سے ہی ممتا بنرجی نے بائیں محاذ کے 34 سالہ دور اقتدارکا خاتمہ کرتے ہوئے2011 میں اقتدار میں آئی تھی۔ ترنمول کانگریس ایک خاص حکمت عملی کے تحت نندی گرام سے ممتا بنرجی کو اتارکر ریاست کے عوام کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ ممتا بنرجی اب بھی عوام کے ساتھ ہیں اور وہ بی جے پی کی سازشوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ یہ اس حلقے میں مسلم ووٹرس کی تعداد اچھی خاصی ہے تو ممتا بنرجی کو انتخاب جیتنے میں مشکلات نہیں پیش آئے گی۔

یہ حلقہ مغربی بنگال کے مشرقی مدنی پور ضلع میں واقع ہے ۔ اس نشست پر 2009 میں ترنمول کانگریس نے پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کی تھی اور اس وقت فیروزہ بی بی کو ٹکٹ دیا گیا تھا۔ فیروزہ بی بی 2011 میں بھی یہاں سے کامیاب ہوئیں تھیں لیکن 2016 میں یہاں سے ترنمول کانگریس کے ہی ٹکٹ پر شوبھندو ادھیکاری کامیاب ہوئے ۔

بنرجی کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کے امیت مالویہ نے کہا ممتا بنرجی کا10 سال میں پہلی مرتبہ بھوانی پور سے نندیگرام میں منتقل ہونے کے فیصلے سے ان کی سیاسی گھبراہٹ ظاہر ہوتی ہے۔کیا وہ وضاحت کریں گی کہ سی پی آئی ایم کے ذریعہ فائرنگ کے الزام میں آئی پی ایس ستیجیت بندوپادھیائے کوکیوں الزام عائد کیا گیا ہے ؟ نندی گرام میں احتجاج کرنے والے کسانوں پر فائرنگ کرنے والے کو ترنمول کانگریس میں شامل کیوں کیا گیا؟