Monday, April 21, 2025
Homesliderمودی اپنی اسکیموں کا سرسید کی کاوشوں سے موازنہ کرنے لگے

مودی اپنی اسکیموں کا سرسید کی کاوشوں سے موازنہ کرنے لگے

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی صدی تقریبات سے وزیراعظم نریندرمودی نے خطاب کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ملک کے وسائل کا تعلق ہر شہری سے ہے اور سب کو فائدہ پہنچنا چاہئے ۔ بظاہر سب کا ساتھ اور سب کا وکاس کے اس بیان میں مودی نے سب کو فائدہ پہنچانے کی بات کی اور اس موقع پر انہوں نے ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔

اپنے خطاب میں نریندر مودی نے سرسید احمد خان کے اس بیان کو یاد کیا کہ اپنے وطن سے لگاؤ رکھنے والے کا اولین فرض یہ ہے کہ وہ تمام کی بہبود کے لئے کام کرے ۔مودی نے زور دے کر کہا کہ بلا لحاظ ذات ، نسل یا مذہب ملک ایک ایسی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے جہاں ہر شہری کو آئین کے ذریعہ دیئے گئے حقوق کا یقین دلایاگیا ہے ، کسی کو بھی اس کے مذہب کی وجہ سے پیچھے نہیں چھوڑا جانا چاہئے اور سب کا ساتھ ، سب کا وکاس، سب کاوشواس عہد کی یہی بنیاد ہے ۔

مودی نے ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعہ اپنے خطاب کے دوران ان سرکاری اسکیمات کی مثالیں پیش کیں جو بلاامتیاز فائدہ پہنچا رہی ہیں۔40 کروڑ سے زیادہ غریبوں کے بینک کھاتے کسی امتیاز کے بغیرکھولے گئے ۔ 8 کروڑ سے زیادہ خواتین بلا امتیاز گیس کنکشن حاصل کررہی ہیں۔2 کروڑ سے زیادہ غریبوں کو بلاامتیاز پکے مکانات فراہم کئے گئے ۔ آیوشمان اسکیم کے تحت تقریباً 50 کروڑ لوگوں کو 5 لاکھ روپے تک کے مفت علاج کی سہولت کسی امتیاز کے بغیر حاصل ہوئی۔

 مودی نے کہا کہ نئے ہندوستان کاتصور یہ ہے کہ قوم اور معاشرے کی ترقی کو سیاسی زوایہ نظر سے نہ دیکھاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ گمراہ کرنے والے پروپیگنڈے کے خلاف ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے اور اپنے دل میں ملک کے مفاد کو سب سے اعلی مقام دیا جائے ۔سیاست انتظار کرسکتی ہے لیکن معاشرہ ایسا نہیں کرسکتا، اسی طرح غریب لوگ خواہ کسی بھی حلقے سے ہوں، انتظار نہیں کرسکتے ۔ قومی مقاصد کی تکمیل کے لئے تمام اختلافات کو لازمی طور پر نظر انداز کیا جاناچاہئے ۔

کوروناوباءکے دوران علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ذریعہ معاشرے کو دیئے گئے غیرمعمولی تعاون کے لئے مودی نے اس کی ستائش کی اورکہاکہ ہزارہاافراد مفت ٹسٹ ، آئیسولیشن وارڈکی تشکیل پلازمہ بینک کی تعمیر، وزیراعظم کیرفنڈ میں ایک بڑی رقم کا تعاون دیتے ہوئے یہ دکھاتاہے کہ آپ معاشرے کے تئیں اپنے عہد کی تکمیل کے لئے اس حدتک سنجیدہ ہیں ۔