نئی دہلی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈروں میں شمار لال کرشن اڈوانی کی رہائش گاہ پر جاکر آج ان کی سالگرہ پر انہیں مبارک باد دی ۔ مودی کے ہمراہ مرکزی وزیر داخلہ امےت شاہ اور بی جے پی کے کارگذا ر صدر جے پی نڈا بھی تھے ۔ وزیر اعظم نے اڈوانی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور تینوں لیڈروں نے انہیں سالگرہ پر مبارکباد دی ۔
مودی اس دوران اڈوانی کے گھر میں کچھ دیر رکے اور ان سے بات چیت کی ۔ دریں اثنا نائب صدر جمہور یہ ایم وینکیا نائیڈو بھی وہاں پہنچ گئے اور انہوں نے بھی اڈوانی کو سالگرہ کی مبارک باد دی ۔ اس سے قبل وزیر اعظم نے آج ٹویٹ کر کے اڈوانی کو سالگرہ پر مبارک باد دی ۔
مودی نے ٹویٹ کر کے کہا اڈوانی جی کے لئے عوامی خدمات ہمیشہ اقدار سے منسلک رہی ۔انہوں نے کبھی بھی اپنے بنیادی نظریہ کو لے کر سمجھوتہ نہیں کیا ۔وزیر اعظم نے لکھا اگر برسوں کے دوران ہماری پارٹی ہندوستانی سیاست کا ایک اہم ستون کے طور پر ابھری ہے تو اس کا سہرا اڈوانی جی جیسے لیڈرکوجاتا ہے ۔ وہ ایک دانشور، ایک سیاستدان اور سب سے باوقار لیڈروں میں سے ایک ہیں ۔ہمارے با شندوں کو بااختیار بنانے کی سمت میں اڈوانی جی کی غیر معمولی خدمات کو ہندوستان ہمیشہ یاد رکھے گا ۔انہوں نے کہا اڈوانی جی کی سالگرہ پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں اور ان کی لمبی عمر اور صحت مند زندگی کے لئے دعا کرتا ہوں۔ مسٹر اڈوانی آج92 برس کے ہوگئے ۔ ان کی پیدائش آٹھ نومبر 1927 کو ہو ئی تھی ۔