Tuesday, April 22, 2025
Homesliderمودی نے حیدرآباد میں کورونا ٹیکہ کی تیاری کاجائزہ لیا

مودی نے حیدرآباد میں کورونا ٹیکہ کی تیاری کاجائزہ لیا

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ وزیراعظم  ہند نریندر مودی کورونا ویکسین کی تیاری کے مرحلہ کا جائزہ لینے اور معلومات حاصل کرنے کیلئے حیدرآباد پہنچے ۔احمد آبادمیں اس ویکسین کی تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد وہ سیدھے تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد پہنچے ۔حکیم پیٹ ایرفورس اسٹیشن پر چیف سکریٹری سومیش کمار،ڈی جی پی مہیندرریڈی،میڑچل کی کلکٹر شویتا موہنتی،سائبرآباد کے کمشنر وی سی سجنار اور حکیم پیٹ ایرفورس کمانڈنٹ نے ان کا استقبال کیا۔

مودی ایرپورٹ سے سیدھے بھارت بائیو ٹیک کمپنی پہنچے جہاں انہوں نے سائنسدانوں سے کورونا ٹیکہ کی تیاری کے مرحلہ اور اس سے متعلق چیلنجس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔مودی  نے اس دورہ کے دوران سائنسدانوں سے بات چیت کی اور ٹیکہ کی تیاری،عوام  کو اس کی دستیابی اور اس سے متعلق چیلنجس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ملک میں کوویڈ19کے ٹیکہ کی تیاری کے اقدامات کے جائزہ کے مقصد سے شہروں کے اپنے سہ روزہ دورہ کے ایک حصہ کے طورپر وہ حیدرآباد پہنچے ۔

انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے اشتراک سے حیدرآباد کی جینوم ویلی میں واقع بھارت بائیوٹیک کمپنی کی جانب سے اس ٹیکہ کی تیاری کاکام کیاجارہا ہے ۔بھارت بائیو ٹیک کمپنی کے عہدیداروں کی جانب سے وزیراعظم مودی کو تفصیلا ت سے واقف کروایاگیا۔اس ٹیکہ کے انسانوں پر تجربہ کا تیسرا مرحلہ حال ہی میں شروع ہوا۔

دوسری جانب تلنگانہ کانگریس کے کارگذار صدر و رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ مقامی رکن پارلیمنٹ ہونے کے باوجود ان کو وزیراعظم کے دورہ حیدرآباد کی اطلاع نہیں دی گئی اور نہ ہی مدعو کیاگیا جس کی وہ اسپیکر سے شکایت کریں گے ۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کا دورہ شخصی نہیں ہے ، ان کو ان کے دورہ کی اطلاع نہ دینا عوامی نمائندہ کی توہین اور پروٹوکول کی خلاف ورزی اور روایت شکنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ کو وہ لوک سبھا میں بھی اٹھائیں گے ۔

واضح رہے کہ دوسری طرف اس مرتبہ مودی کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر دفتر وزیراعظم نے ایک غیر معمولی اور چونکا دینے والے قدم کے طورپر کہا کہ وزیراعظم کے استقبال کے لئے ایرپورٹ پر چیف منسٹر  کو آنے کی ضرورت نہیں ہے ۔عام طور پر جب وزیر اعظم ریاست کے دورہ پر آتے ہیں تو ریاست کے عوام کی جانب سے چیف منسٹر  اور ریاستی وزرا کی جانب سے ان کا استقبال کیا جاتا ہے ۔

 تلنگانہ کے چیف منسٹر  کے چندرشیکھر راو اس مرتبہ بھی ایسا ہی کرنا چاہتے تھے ۔ ریاستی حکومت نے باضابطہ طور پر وزیر اعظم کے دفتر کو مطلع کیا ہے کہ چندرشیکھر راو، وزیر اعظم نریندر مودی کا استقبال کریں گے جو ہفتہ کی سہ پہر حکیم پیٹ ایرپورٹ پہنچنے والے ہیں تاہم جمعہ کی شام وزیراعظم کے دفتر سے نریندر مودی کے اسسٹنٹ ویویک نے تلنگانہ کے چیف سکریٹری سومیش کمار سے فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ وزیر اعظم کے استقبال کے لئے چندرشیکھر راو کو آنے کی ضرورت نہیں ہے ۔