اورنگ آباد: ہندوستان میں کورونا وائرس کے سبب ہوئے زبردست جانی اور مالی نقصان کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کو برائے راست ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ریاستی وزیر برائے اوقاف اور اقلیتی امور و اقلیتی فلاح وبہبود نواب ملک نے کہا کہ نمستے ٹرمپ کے چکر میں وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کو برباد کر دیا۔ ملک میں کورونا کے باعث بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئی اور ملک کی اقتصادیات کو زبردست نقصان پہنچا، اور یہ سب مودی کی غلط پالیسی اورغلط حکمت عملی کے سبب ہوا۔ انھوں نے کہا کہ سال گزشتہ21 ڈسمبرکو بین الاقوامی ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیاگیا تھا، جس پر اگر سنجیدگی سے عمل کیا جاتا توکورونا کے باعث ہمارے ملک میں اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتیں نہیں ہوتیں لیکن وزریر اعظم مودی نے ٹرمپ کے نمستے ٹرمپ کے چکر میں سب بربادکر دیا۔ مراٹھواڑا کے اپنے دو روزہ دورہ کے اختتام پر آج اورنگ آباد میں مہاراشٹرا ریاستی وقف بورڈ آفس میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں انھوں نے یہ تنقید کی۔
وزیر اوقاف نواب ملک نے پریس کانفرنس میں اوقاف سے متعلق مختلف امور پر تفصیل سے معلومات دیتے ہوئے یہ اہم اعلان بھی کیا کہ مہاراشٹرا ریاستی وقف کے صدر دفتر کو ممبئی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جلد ہی یہ ممبئی منتقل کر دیا جائے گا، تاہم انہوں نے یہ وضاحت کی کہ اورنگ آباد ڈویژن کے لیے مراٹھواڑا کا علاقائی دفتر اورنگ آباد میں ہی رہے گا ۔
نواب ملک نے اعتراف کیا کہ وقف بورڈ میں کام کاج کا طریقہ اطمنان بخش نہیں ہے اور اس میں تبدیلی کی ضرورت ہے ۔ ابتداءمیں ہی اس بات کو قبول کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہاں کسی کو کسی بات کا پتہ نہیں ، کتنا کام باقی ہے ، کسی کو کچھ نہیں معلوم۔ 2012 سے زیر التواءکاموں کا گراف بڑھتا ہی جا رہاہے ۔ انکے وزیر بنے کے بعد اس سلسلے میں کچھ مثبت پیش رفت کی کوشش کی گئی لیکن کورونا کے باعث اس میں کوئی خاطرخواہ کامیابی نہیں مل سکی اور اس دوران صرف 1623 معاملات کی حل کیے جا سکے ۔نواب ملک نے یہ بھی کہا کہ وقف بورڈ کے تمام ریکارڈ کو محفوظ کرنے کےلئے ڈیجیٹلائزڈ کیا جارہا ہے جس سے امید ہےکہ تمام ریکارڈز محفوظ ہوجائیں گے۔