نئی دہلی ۔ اب جبکہ سارے ہندوستان میں کورونا کی دوسری لہر کا خوف ہے تو دوسری جانب وزیر اعظم نریندر مودی آج صبح آل انڈیاانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(ایمس)پہنچ کر کورونا کا پہلا ٹیکہ لگوایا۔مودی کا عمل اس لئے بھی اہمیت حاصل کرگیا کیونکہ آج (یعنی یکم مارچ) سے کورونا کاٹیکہ لگاوانےکا دوسرا مرحلہ ہندوستان میں شروع ہوا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کورونا ٹیکہ لگانے کے بعد اس ضمن میں فیس بک پوسٹ کے ذریعہ خود یہ اطلاع دی کہ انہوں نے کورونا کا ٹیکہ لگالیا ہے ۔ اپنی جانب سے جاری کردہ آن لائن پوسٹ میں انہوں نےکہا ہےکہ ایمس میں کوویڈ19 ٹیکہ کی پہلی خوراک میں نےلی ہے ۔ ہمارے ڈاکٹروں اور سائنسدانوں نے کوویڈ19 کے خلاف عالمی جنگ میں کامیابی کےلئے کم وقت میں کام کیا ہے ۔ جو ویکسین لینے کے اہل ہیں میں ان سب سےدرخواست کرتا ہوں کہ وہ ٹیکہ لگوائیں۔ساتھ ہی ہم سب کو مل کرہندوستان کوکوویڈ19 سے پاک ملک بناناہے۔
پرسار بھارتی نیوز کےایک ٹویٹ کے بموجب پوڈوچری کےرہنے والی نرس پی نیویدا نے وزیر اعظم مودی کو ہندوستان بایوٹیک کی تیارکردہ کو ویکسین کا ٹیکہ لگایا۔واضح رہے پوڈو چری میں حال ہی میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں اور حال ہی میں وہاں کی کانگریس حکومت اعتماد کا ووٹ حاصل نہیں کر پائی تھی۔
کورونا کی ٹیکہ اندازی کا دوسرامرحلہ آج شروع ہو ا ہے ۔ دوسرے مرحلہ میں 60 سال سےزیادہ عمر کےلوگوں اور 45 سال سے زیادہ عمر کےبیمار افراد کوٹیکہ لگایا جائے گا۔یہ ٹیکہ سرکاری طبی مراکز پر مفت لگایا جائے گا اورخانگی دواخانوں اوراسپتالوں میں اس کے لئےقیمت ادا کر نی ہوگی۔وزارت صحت نے کہا ہے کہ پورے ہندوستان میں اب تک 1.23کروڑسے زیادہ طبی عہدیداروں اورکورونا کے خلاف لڑائی میں سب سےآگےرہنے والےافراد کوکوروناکی خوراک دی جاچکی ہے۔