بنگلورو۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کیمپس (آئی آئی ایس سی ) میں 280 کروڑ روپے کے برین ریسرچ سنٹر (سی بی آر) کا افتتاح کیا، جس کا سنگ بنیاد انہوں نے خود رکھا تھا۔وزیر اعظم نے اس تقریب کے دوران 832 بستروں والے باگچی ۔پارتھا سارتھی ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
حکام نے کہا کہ سی بی آر کو ایک قسم کے تحقیقی مرکز کے طور پر تیار کیا گیا ہے اور یہ تنقیدی تحقیق پر توجہ مرکوز کرے گا جس کا مقصد عمر سے متعلق دماغی امراض سے نمٹنے کے لیے ثبوت پر مبنی صحت عامہ کا علاج فراہم کرنا ہے۔
کرناٹک کے گورنر تھاور چند گہلوت، وزیر اعلیٰ بسواراج بومائی، مرکزی وزیر پرہلاد جوشی، انفوسس کے شریک بانی ایس گوپال کرشنن اور ان کے اہل خانہ بھی اس تقریب میں موجود تھے۔عہدیداروں نے بتایا کہ برین ریسرچ سنٹر کوآئی آئی ایس سی میں ایک خودمختار، غیر منافع بخش تحقیقی تنظیم کے طور پر گوپال کرشنن اور ان کی اہلیہ سودھا گوپال کرشنن کی مدد سے قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی بی آر کو مخیر تنظیمیں اور افراد فنڈز فراہم کرتے ہیں اور اسے متعدد فنڈنگ ایجنسیوں سے مخصوص منصوبوں کے لیے تحقیقی گرانٹ ملتی ہے۔ گوپال کرشنن نے آئی آئی ایس سی کیمپس کے اندر سی بی آر کے لیے ایک جدید ترین عمارت کی تعمیر کے لیے بھی فنڈ فراہم کیا ہے اور ان کا تحفہ ہندوستان کی تاریخ میں کسی فرد کی طرف سے سائنسی تحقیق کے لیے اب تک کا سب سے بڑا تعاون ہے۔
باگچی ۔پارتھاسارتی ملٹی اسپیشلٹی’ اسپتال آئی آئی ایس سی بنگلورو کے کیمپس میں تیار کیا جائے گا اور یہ باوقار ادارہ سائنس، انجینئرنگ اور طب کو مربوط کرنے میں مدد کرے گا۔عہدیداروں نے کہا کہ اس سے ملک میں طبی تحقیق کو ایک بڑا حوصلہ ملے گا اور ملک میں صحت کی خدمات کو بہتر بنانے میں مدد دینے والے اختراعی حل تلاش کرنے کی سمت کام کیا جائے گا۔آئی آئی ایس سی نے مخیر حضرات سشمیتا اور سبروتو باگچی اور رادھا اور این ایس پارتھا سارتھی کے ساتھ فروری میں باگچی ۔پارتھا سارتھی ہسپتال قائم کرنے کے لیے شراکت کی۔