Tuesday, June 10, 2025
Homesliderمودی کی جانب سے درگاہ اجمیر شریف پرچادرچڑھائی گئی

مودی کی جانب سے درگاہ اجمیر شریف پرچادرچڑھائی گئی

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ ہندوستان کے مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج درگاہ اجمیر شریف میں خواجہ معین الدین چشتی رحمة اللہ علیہ کے809 ویں سالانہ عرس کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے ارسال کردہ ایک چادر چڑھائی۔ نقوی نے کہا کہ ملک میں امن ، بھائی چارگی ، ہم آہنگی اور سب کی بھلائی کی دعاوں کے ساتھ درگاہ اجمیر شریف میں خواجہ غریب نوازکے809 ویں عرس کے موقع پر آج وزیر اعظم کی جانب سے چادر چڑھائی گئی اور بڑی تعداد میں موجود سماج کے سبھی طبقوں کے لوگوں کو ان کا پیغام پڑھ کرسنایا گیا۔

چادر چڑھنے کے موقع پر وزیر اعظم مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواجہ معین الدین چشتی رحمة اللہ علیہ کے 809 ویں عرس کے موقع پر پوری دنیا میں ان کے پیروکاروں کو مبارکباد اور نیک خواہشات۔ یہ سالانہ تیوہار فرقہ وارانہ اتحاد اور بھائی چارے کی ایک خوبصورت مثال ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف مذاہب ، فرقوں اور عقائد اور ان سے وابستہ افراد سے بھرا ہوا ہمارے ملک ورثہ ہے ۔اس ورثہ کو بچانے اور اسے مضبوط کرنے میں مختلف سادھو سنتوں اورفقیروں کی غیر معمولی خدمات رہیں ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان کے دائمی امن و ہم آہنگی کے پیغام نے ہمیشہ ہمارے معاشرتی اور ثقافتی ورثے کو مالا مال کیا ہے ۔خواجہ معین الدین چشتی جنہوں نے اپنے صوفی افکار سے معاشرے میں لازوال نقوش چھوڑے ہیں ، وہ ہماری عظیم روحانی روایات کی مثالی علامت ہیں۔ غریب نوازکی اقدار اور افکار ہمیشہ محبت ، اتحاد ، خدمات خلق اور ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے انسانیت کی ترغیب دیں گے ۔مودی نے کہا کہ میں خواجہ معین الدین چشتی رحمة اللہ علیہ کے سالانہ عرس کے موقع پر چادر پیش کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور میں وطن عزیز ہندوستان کی خوشی ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعاگو ہوں۔