Saturday, April 20, 2024
Homesliderمکہ مسجد میں  تراویح  کا انتظام اور دیگر تیاریاں مکمل

مکہ مسجد میں  تراویح  کا انتظام اور دیگر تیاریاں مکمل

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے  اور ہر سو اس کے استقبال کی تیاریاں عروج پر ہیں جبکہ حیدرآباد کی تاریخی مسجد مکہ مسجد میں بھی رمضان کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں ۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہےکہ کورونا کے سدباب کےلئے متعارف کردہ قواعد پر عمل آوری کی ضمانت پر مساجد میں عبادات کی اجازت ہے ۔تلنگانہ  حکومت نے رمضان المبارک کے سلسلہ میں ابھی تک کوئی علحدہ احکامات جاری نہیں کئے ہیں اورمحکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے بموجب کورونا  قواعد پر عمل آوری کے ذریعہ افطاراور تراویح کا اہتمام کیا جاسکے گا۔

رمضان  کے دوران مساجد میں عبادات کے ضمن میں محکمہ اقلیتی بہبود کے ذرائع نے  کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کوئی نئے احکامات ہنوز موصول نہیں ہوئے ہیں  جن کا رمضان المبارک پر اطلاق ہو لہذا موجودہ حالات میں ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلہ کے ساتھ مساجد میں افطار اور تراویح کا اہتمام ممکن رہے گا۔ شہر کی دو اہم مساجد مکہ مسجد اور شاہی مسجد میں افطار و تراویح کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جو محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر انتظام ہیں۔ حکومت نے گذشتہ ماہ جو احکامات جاری کئے تھے ان کے مطابق مذہبی تقاریب میں 100 افراد کی شرکت کی اجازت ہے  لیکن رمضان المبارک کے سلسلہ میں کوئی علحدہ رہنمایانہ ہدایات  جاری نہیں کئے گئے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے مکہ مسجد میں تین دہے تراویح کی منظوری دے دی ہے۔ چاند رات سے حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد روزانہ 3 پارے سنائیں گے۔ دوسرے دہے میں مولانا لطیف احمد شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ و امام مکہ مسجد روزانہ 3 پارے سنائیں گے جبکہ تیسرے دہے میں حافظ و قاری محمد رضوان قریشی روزانہ 3 پارے تراویح میں سنائیں گے۔

اسی دوران مکہ مسجد میں حوض کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے اور رمضان سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی کی اطلاع کے  مطابق حکومت سے مکہ مسجد کیلئے روزانہ 1000 کیلو کھجوراور 100 درجن موز کی خریدی کی درخواست کی گئی ہے جبکہ شاہی مسجد کیلئے 500 کیلو کھجور کی درخواست کی گئی۔ توقع ہے کہ جلد ہی  منظوری حاصل ہوجائے۔ مسجد میں ماسک کے بغیر داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی اور نماز کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا۔