ریاض ۔سعودی عرب میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقررہ حفاظتی و احتیاطی اقدامات کے باعث 90 دن کی پابندی کے بعد مکہ مکرمہ کی 1560 مساجد اتوار کو نماز فجر سے کھول دی جائیں گی۔
میڈیا کے مطابق وزارت اسلامی امور مکہ مکرمہ شاخ نے مکہ مکرمہ کی عام اور جامع مساجد نمازیوں کے لیے تیار یاں کروائی ہیں۔تمام مساجد میں صفائی ، سینیٹائزنگ کی کارروائی مکمل ہو گئی۔ نمازیوں کے درمیان مقرر فاصلے کے لیے علامتیں لگائی جا رہی ہیں۔
دو صفوں کے درمیان ایک صف چھوڑنے کی پابندی کی تاکید کردی گئی۔ بڑے قالین ہٹالیے گئے اور نمازیوں کو اپنے ہمراہ جائے نماز لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔مکہ مکرمہ کے رضاکاروں نے اپنے محلوں میں مساجد کے انتظامات کو بہتر اور موثربنانے کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔العزیزیہ محلے مکہ مکرمہ میں رضاکاروں کے مرکز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ابراہیم ملی نے کہا کہ نوجوانوں نے مل کر مساجد میں نمازیوں کے درمیان فاصلے کے لیے علامتیں لگانے میں حصہ لیا اور وہ مساجد کھلنے کی صورت میں صحت و سلامتی کے ضوابط کے بارے میں نمازیوں میں آگہی مہم بھی چلا رہے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں وزارت اسلامی امور کے عہدیداروں نے کہا کہ تمام مساجد سے قرآن کریم کے نسخے اور کتابیں ہٹا لی گئیں تاکہ نمازیوں کو ممکنہ طور پرکورونا وائرس لگنے کے خطرات سے بچایا جاسکے۔اس سے قبل وزارت اسلامی امور نے 31 مئی کومکہ مکرمہ کے علاوہ سعودی عرب کے تمام علاقوں کی عام اور جامع مساجد کھول دی تھیں اور طے کردیا تھا کہ اگر کوئی بڑی تبدیلی واقع نہ ہوئی تو ایسی صورت میں اتوار21 جون سے مکہ مکرمہ کی مساجد بھی نمازیوں کے لیے کھول دی جائیں گی۔
ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان رائد سمرقندی نے کہاہے کہ میئر انجنیئر محمد القویحص کی ہدایت پر مسلسل چار دن تک رضاکارنمازیوں میں آگہی مہم جاری رکھیں گے۔