نئی دہلی ۔ بی جے پی نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لئے 125امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا اور چیف منسٹر دیویندرفڈنوس ناگپور جنوب۔ مغربی اسمبلی نشست پر پارٹی کے امیدوار ہوں گے ۔
بی جے پی مرکزی الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی۔ بی جے پی صدر امیت شاہ نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم نریندرمودی،وزیردفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر ٹرانسپورٹ نیتن گڈکری اور پارٹی کے کارگزار صدر جے پی نڈا نے حصہ لیا۔
بی جے پی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی کی مہاراشٹر اکائی کے صدر چندرکانت دادا پاٹل کوتھروڈ سیٹ پر امیدوار ہوں گے ۔ پارٹی نے 12حالیہ ارکان اسمبلی کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے جبکہ 12خواتین کو بھی امیدوار بنایا گیا ہے ۔
پارٹی نے شیواجی اور تلک کی اولادوں کو بھی امیدوار بنایا ہے ۔ بی جے پی نے چھترپتی شیواجی کی اولادشیویندر سنگھ بھوسلے کو ستارا سے اور لوک مانئے بال گنگا دھر تلک کی بہو مکتا تلک کو قصبہ پیٹ سے امیدوار بنایا ہے ۔
پارٹی نے پنڈھرپور بٹھل مندر دیواستھان سمیتی کے صدر اتل بھوسلے کو کرار جنوبی اسمبلی سیٹ سے امیدوار بنایا ہے ۔ ستارا لوک سبھا ضمنی انتخابات کے لئے بی جے پی نے شیواجی کی اولاد ادین راجے بھوسلے کو امیدوار بنایا ہے ۔ سنگھ نے کہا کہ مہاراشٹر میں بی جے پی چار پارٹیوں کے ساتھ مل کر انتخابات لڑ رہی ہے اور دعوی کیا کہ انتخابات میں وہ تین چوتھائی اکثریت سے جیتے گی اور ریاست میں پھر سے حکومت بنائے گی۔