بھوپال ۔ ایک ویڈیو جس میں مدھیہ پردیش کے اجین کے مہاکالیشور مندر میں بالی ووڈ کے گانوں پر دو خواتین کو رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور ا س ویڈیونے تنازعہ کھڑا کردیا ہے، جس سے ریاست کے وزیر داخلہ نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔یہ خواتین دو دن پہلے مہاکالیشور مندر میں پوجا کرنے گئی تھیں لیکن انہوں نے بالی ووڈ کے گانوں پر ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو بنایا اور اپنے ان ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مندر انتظامیہ سے خواتین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مندر کے پجاری کافی ناراض ہیں کیونکہ مندر کے اہم اور دیگر مقامات کے اندر ویڈیوز بنائے گئے تھے۔بالی ووڈ اور بھکتی دونوں گانوں کی دھن پر ویڈیوز بنائی گئیں۔ ایک خاتون نے مہاکال مندر کے مقدس مقام میں جل ابھیشیک کرتے ہوئے ویڈیو شوٹ کیا جبکہ دوسری نے مندر کے احاطے میں گھومتے ہوئے اسے شوٹ کیا۔
معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔مشرا نے کہا میں نے کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو اس معاملے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مذہبی عقائد اور مقامات کے ساتھ کسی بھی طرح کی بے حرمتی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مشرا نے مزید کہا کہ ان خواتین کے خلاف کارروائی کرنے کےلئے دیگر افراد کو بھی یہ پیغام دیناہے کہ دوبارہ کوئی ایسی حرکت نہ کرے۔وزیر نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں مندر کے تقدس کو مجروح کرتی ہیں، اور لوگوں کو ان سے گریز کرنا چاہیے۔ان ویڈیوز کے وائر ل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے برہمی ظاہر کی ہے ۔