Saturday, April 20, 2024
Homeتلنگانہمیرا آٹو محفوظ مہم ،عوام کا آٹوز میں سفر پر اعتماد بحال...

میرا آٹو محفوظ مہم ،عوام کا آٹوز میں سفر پر اعتماد بحال ہونے لگا

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔15مارچ۔ دونوں شہروں کے عوام کا ان دنوں آٹووالوں پر بھروسہ اور اس سواری  کے سفر پر اعتماد بڑھ رہا ہے اس کی ایک اہم وجہ آٹوکی سواری محفوظ ہونے کے علاوہ آٹووالوں کے برتاؤ میں بہتری ظاہرہونا ہے۔ آٹووالوں کے برتاؤ میں بہتری اورسدھار آنے کی اصل وجہ سٹی پولیس کی جانب سے چلائی جانے والی ایک منفرد اور عصری ٹکنالوجی سے لیس مہم ہے ۔ اس مہم کے تحت آٹوزپرایک اسٹیکر چسپاں کیا جارہا ہے جو کہ پولیس محکمے کی طرف سے فراہم کیا جاتا ہے اور اس اسٹیکرپرانگریزی میں لکھا ہوتا ہے کہ ‘‘مائی آٹو از سیف’’ یعنی میرا آٹومحفوظ ہے ۔ فی الحال دونوں شہروں میں 38000 آٹوزپر یہ اسٹیکرچسپاں کیا جاچکا ہے ۔ سٹی پولیس کی جانب سے ماہ جنوری میں یہ مہم شروع کی گئی تھی اور اس کے تحت ہرآٹو پرایک سٹیکر لگا دیا جاتا ہے جس پر کیوآر(QR) کوڈ بھی ہوتا ہے اور یہ کوڈ ہی وہ اصل وجہ ہے جس کے ذریعہ مسافر اور ان کے عزیر واقارب آٹوکی حرکات وسکنات،آٹووالے کے برتاؤنظررکھنے اور محکمہ پولیس سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں ۔ جنوری میں جب یہ مہم شروع کی گئی تھی تب آٹو والوں کی جانب سے اس مہم میں جوش و خروش نہیں دکھایا گیا تھا لیکن وقت کے گزرنے کے ساتھ آٹو والوں کی جانب سے کافی جوش و خروش دکھایا جا رہا ہے اور روزانہ گوشہ محل اور بیگم پیٹ ٹرافک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پر 500 آٹووالے اپنی گاڑیوں پر یہ اسٹیکر چسپاں کر رہے ہیں ۔ ایڈیشنل ڈی ایس پی بھاسکر کے بموجب اس مہم کا آغاز تو جنوری میں کیا گیا لیکن ابتدا میں اس مہم کو وہ جوش و خروش اور حوصلہ افزا نتائج حاصل نہیں ہوئے جس کی امید کی جا رہی تھی لیکن اب جبکہ آٹو کے اوپر یہ اسٹیکر چسپاں ہورہا ہے تو اس عوام میں ایک قسم کا اعتماد بڑھا ہے کیونکہ وہ اسٹیکر پر موجود کیو آر کوڈ کو اسکین کرتے ہوئے آٹو کی اور آٹو ڈرائیور کی تفصیلات اپنے پاس محفوظ کرسکتے ہیں اور انہیں اندازہ ہوتا ہے کہ ان کے عزیز واقارب جس آٹو میں سفر کررہے ہیں اس کی ساری تفصیلات ان کے پاس موجود ہیں اور اگر کچھ ناگہانی واقعہ رونما ہوتا ہے تو وہ باآسانی آٹو ڈرائیور کے خلاف پولیس میں شکایت درج کر سکتے ہیں ۔علاوہ ازیں اس نئی اسکیم کی وجہ سے عوام میں خاص کر کے ان لوگوں میں زیادہ اعتماد بحال ہوا ہے جو کہ اپنے بچوں کو آٹوز کے ذریعے اسکول روانہ کرتے ہیں۔ آٹو پرچسپاں کیے جانے والے اسٹیکر پر موجود کیوآرکوڈ ناصرف آٹو ڈرائیور کی تفصیلات فراہم کرتا ہے بلکہ یہ عوام کو آٹوز کے اور آٹو ڈرائیور کے متعلق دیگر تفصیلات بھی فراہم کرتا ہے اور انہیں یہ سہولت بھی دیتا ہے کہ وہ کسی ایک آٹو ڈرائیوراورآٹو کے متعلق اپنے خیالات ، تجربات و مشاہدات کا مثبت اورمنفی ریکارڈ پیش کریں اوراگر کوئی آٹو والا میٹر سے نہ چلنے ،زیادہ کرایہ وصول کرنے اور مسافرین کے ساتھ کوئی بدتمیزی کرتا ہے تو اس ڈرائیور کی وہ شکایت بھی پولیس میں درج کرواسکتے ہیں ۔ پولیس میں شکایت درج کروانے کے لیے 7 تا 8 زمرے بھی موجود ہیں۔