حیدرآباد۔ حیدرآباد میٹرو ریل نے پیر سے اپنی خدمات کے اوقات کار کو دوبارہ ترتیب دیا ہے اور اس میں توسیع کردی ہے جس سے عوام کو راحت ملی ہے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل اب صبح 7 بجے (پہلی ٹرین) سے رات 10.15 تک (متعلقہ اسٹیشنوں سے آخری ٹرین) چلائے گی ، کوویڈ سیفٹی پروٹوکول کے ساتھ 11.15 پر تمام ٹرمینیشن اسٹیشنوں تک پہنچے گی۔ ہر ایک کی حفاظت کے لیے ، مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ کوویڈ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں ، بشمول سماجی دوری ، چہرے کے ماسک پہننا ، ہاتھوں کی صفائی اور باقاعدہ تھرمل اسکریننگ اس میں شامل ہے ۔
ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل حیدرآباد لمیٹڈ (ایل ٹی ایم آر ایچ ایل) کے ترجمان نے کہا کہ میٹرو سفر کو محفوظ رکھنے کی کوششوں کے ساتھ موجودہ اوقات کے مطابق ، آخری ٹرین متعلقہ اسٹیشنوں سے رات 9 بجے شروع ہو رہی تھی اور تقریبا 10 بجے تک متعلقہ منزل کے اسٹیشنوں تک پہنچ رہی تھی لیکن اب اسے معمول کے مطابق نئے اوقات فراہم کردئے گئے ہیں ۔
یادرہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل نے 12 مئی سے اپنی خدمات کو بند کردیا تھا جب تلنگانہ حکومت نے کوویڈ لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کی مدت میں توسیع کے بعد خدمات کو دو مرتبہ ری شیڈول کیا گیا۔ لاک ڈاؤن کو مکمل طور پر ختم کرنے کے بعد حیدرآباد میٹرو ریل 21 جون سے صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک اپنی خدمات انجام دے رہی تھی۔ 73 کلومیٹر ایلیویٹڈ میٹرو ، جسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل میں دنیا کا سب سے بڑا میٹرو پروجیکٹ کہا جاتا ہے ، 20،000 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے تعمیر کیا گیا۔
یہ 2020 میں کوویڈ وبائی مرض پھیلنے سے پہلے روزانہ تقریبا 4.5 لاکھ مسافروں کو لے کر چلنے والی 55 ٹرینیں چلارہی تھی۔ 22 مارچ 2020 کو اس کی خدمات معطل کردی گئی تھی ۔ مئی جون 2021 میں کوویڈ وبائی مرض کی دوسری لہر کے پیش نظر لاک ڈاؤن کی وجہ سے ایک ماہ کے لیے میٹرو خدمات دوبارہ متاثر ہوئیں لیکن اب اس کے اوقات میں صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک کی توسیع نے عام کو نہ صرف سفر کی راحت فراہم کی ہے بلکہ تلنگانہ میں زندگی کے معمول کی سمت آنے کا ایک ٹھوس ثبوت فراہم کردیاہے جس سے تجارت اور دیگر مصروفیات کا گراف بلندی کی سمت گامزن ہے ۔