نئی دہلی ۔ گریٹر نوئیڈا کے دنکور میں ایک 20 سالہ نئی شادی شدہ خاتون کے ساتھ اس کے بہنوئی نے مبینہ طور پر عصمت دری کی۔ پولیس کے مطابق ملزم فرار ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے سرویلنس ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ دنکور پولس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) سدھیر کمار نے کہا متاثرہ خاتون نے کہا ہے کہ اس کے شوہر جمعرات کو صبح 11 بجے کے قریب کام کے لیے گھر سے نکلنے کے فوراً بعد، مشتبہ شخص نے اس کے ساتھ یہ درندگی کی ہے ۔
ایس ایچ او نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کہ خاتون نے انہیں بتایا کہ ملز م نے اونچی آواز میں میوزک بجایا تاکہ کوئی اس (خاتون ) کی چیخ نہ سن سکے۔ مبینہ طور پر اس کی عصمت ریزی کرنے کے بعد مشتبہ شخص گھر سے فرار ہو گیا اور خاتون نے اپنے گھر کے دو افراد کو اپنی آپ بیتی سنائی جو کہ واقعہ کے وقت گھر میں موجود تھے۔ بعد میں اس متاثرہ خاتون نے پولیس سے رجوع کیا اور اس کے خلاف شکایت درج کروائی۔ ایس ایچ او نے کہا کہ ملزم کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 376 (عصمت ریزی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ خاتون کا تعلق بلند شہر سے ہے اور اس کی شادی تقریباً 15 دن پہلے ہوئی تھی۔ ایس ایچ او نے مزید کہا کہ جب یہ واقعہ پیش آیا تو خاتون کی بہن اور ساس چھت پر تھیں۔ایس ایچ او کمار نے کہا کہ مزید تفتیش جاری ہے اور خاتون کے اہل خانہ سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔اس واقعہ نے محلے میں ایک عجیب سے ماحول بنادیا ہے اور لوگ ابھی بھی حیران ہے کہ نئی دلہن کے ساتھ کوئی ایسی حرکت کیسے کرسکتا ہے ؟