Sunday, June 8, 2025
Homesliderنبی صلی اللہ علیہ وسلم پر مضمون نویسی کا مقابلہ ، ہیڈ...

نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر مضمون نویسی کا مقابلہ ، ہیڈ ماسٹر معطل

- Advertisement -
- Advertisement -

گدگ (کرناٹک)۔ کرناٹک کے محکمہ تعلیم نے جمعرات کو گدگ ضلع کے ایک اسکول ہیڈ ماسٹر کو مبینہ طور پر اسکول کے طلباء کے لیے پیغمبر اسلام ﷺ پر مضمون نویسی کا مقابلہ منعقد کرنے پرمعطل کردیا گیا ۔ معطل ہیڈ ماسٹر کی شناخت عبدالمناف بیجاپور کے طور پر ہوئی ہے، جو گدگ تعلقہ کے ناگاوی گاؤں کے گورنمنٹ سیکنڈری اسکول کے ماسٹر  ہے۔

ایڈیشنل کمشنر محکمہ پبلک انسٹرکشن سدرمپا ایس برادارا نے محکمہ یا کسی سرکاری ایجنسی کی ہدایت کے بغیر مضمون نویسی کا مقابلہ منعقد کرنے پر ہیڈ ماسٹر کی معطلی کا حکم جاری کیا ہے۔محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق ہیڈ ماسٹر نے اسکول کے 43 طلباء کے مقابلے کروائے اور انہیں انعامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے طلباء میں محمدﷺ سب کے لیے اورصرف ایک نبی ﷺ کے عنوان سے کتابیں بھی تقسیم کیں۔

محکمہ نے کہا ہے  کہ معطلی کا حکم جاری کیا گیا تھا کیونکہ ہیڈ ماسٹر نے ذمہ داری کے عہدے پر رہتے ہوئے غلطی کی تھی اور ان پر لگائے گئے الزامات تحقیقات میں پہلی نظر میں ثابت ہوئے ہیں۔سری راما سین کے کارکنوں نے اسکول کے سامنے احتجاج کیا تھا اور ہیڈ ماسٹرسے پیغمبر اسلام ﷺ پرمضمون نویسی کا مقابلہ منعقد کرنے پر سوال کیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ اسکول کے بچوں پر مذہبی بنیاد پرستی کو مجبورکیا جارہا ہے اور ہیڈ ماسٹر کی معطلی کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت کرناٹک کئی ایک تنازعات کی وجہ سے سرخیوں میں ہے جہاں حکومت ایک جانب اسکولس میں بھگوت گیتا کی تعلیم کو نصاب میں شامل کرنے کی کوشش میں ہے تو دوسری جانب مسلمانوں اور اسلام کے خلاف دائرہ تنگ کرنے کی کوشش کی  جارہی ہے ۔ان واقعات کے بعد مسلمانوں میں بے چینی مزید بڑھ رہی ہے ۔