Wednesday, April 23, 2025
Homeتازہ ترین خبریںنتیش اور امیت شاہ کا کابینہ کے عہدہ کے لئے اجلاس

نتیش اور امیت شاہ کا کابینہ کے عہدہ کے لئے اجلاس

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ مرکزی کابینہ میں جنتا دل (یو) کی شراکت کے سلسلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امیت شاہ اور بہار کے چیف منسٹر نتیش کمارکی آج یہاں ملاقات ہوئی۔

امیت شاہ کی رہائش گاہ پر کابینہ میں جنتا دل (یو) کی حصہ داری کے سلسلے میں دونوں رہنماوں نے بات چیت کی۔ بہار سے جنتا دل یو کے 16 ارکان پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں۔ نتیش کمار پٹنہ سے یہاں پہنچنے کے بعد فورا شاہ سے ملاقات کے لئے گئے ۔ و ہ کل مودی حکومت کی حلف برداری تقریب میں حصہ لیں گے ۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نتیش کمار اپنی پارٹی سے کم سے کم دو کابینی وزیر اور بڑی وزارت چاہتے ہیں۔ جنتا دل یو کے راجیہ سبھا رکن آر سی پی سنگھ کابینہ عہدہ کے اہم دعویدار ہیں۔ و ہ انڈین ایڈمنسٹرٹیو سروس کے افسر رہے ہیں اور نتیش کمار کے بھروسے مند مانے جاتے ہیں۔

پارٹی کے مونگیر سے لوک سبھا رکن للن سنگھ کو بھی وزیر بنایا جاسکتا ہے ۔ وہ نتیش کمار حکومت میں بھی وزیر رہے ہیں اورنتیش کمار کے قریبی مانے جاتے ہیں۔ جنتا دل یو بہار یونٹ کے سربراہ اور راجیہ سبھا رکن وششٹ نارائن سنگھ کافی سینئر لیڈر ہیں لیکن ان کے علیل ہونے کی وجہ سے ان کے وزیر بننے کا امکان کم ہے ۔

سابق حکومت میں لوک جن شکتی پارٹی کے چھ ارکان پارلیمنٹ تھے اور اس پارٹی کے سربراہ رام ولاس پاسوان کو سو ل سپلائی اور صارفین امورکا وزیر بنایا گیاتھا۔ ایل جے پی پارلیمانی بورڈ نے رام ولاس کو دوبارہ وزیر بنانے کی تجویز منظورکی ہے ۔

ذرائع کے مطابق جنتا دل یو کابینہ کے ساتھ ہی وزیر مملکت بنانے کے سلسلے میں بھی کوشش کررہی ہے تاکہ بہار کے سماجی صف بندی میں توازن قائم کیا جاسکے ۔ پارٹی بہار کے باہر بھی تنظیم کی توسیع کرنا چاہتی ہے جو وزیر کا عہدہ ملنے سے آسان ہوسکتا ہے ۔

امیت شاہ نے کل نامزد وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات کی تھی۔ سمجھا جاتا ہے کہ دونوں لیڈروں نے کابینہ کے ڈھانچہ کے سلسلے میں بات چیت کی۔ سابق مودی حکومت میں بہار سے ایک وقت نو وزیر تھے جن میں تین کابینی وزیر رہے۔ اس وقت جنتا دل یو این ڈی اے کا حصہ نہیں تھا اور راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے سربراہ اپیندر کشواہا کو وزیر مملکت بنایا گیا تھا لیکن اب وہ اتحاد سے باہر ہیں۔