کراچی ۔ نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کی شاندار بولنگ اور 5 وکٹوں کے حصول کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے خلاف کراچی ٹسٹ میں کامیابی اور سیریز پر 1-0 سے قبضہ کرلیا ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹسٹ میچ میں پاکستان نے 263 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز اپنے نام کر لی ہے۔اس کامیابی سے پاکستان کو 60 نشانات مل گئے ہیں اور یسٹ چمپئن شپ کے جدول پر وہ تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کو فتح کے 476 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم اس کی پوری ٹیم 212 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12.5 اوورس میں 31 رنز دیکر پانچ کھلاڑیوں کا آوٹ کیا، یاسر شاہ نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، حارث سہیل اور محمد عباس نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کی جانب سے فرنانڈو 102 اور نیروش ڈک ویلا نے 65 رنز کے ساتھ قابل ذکر رہے۔ میچ کے آخری دن سری لنکا نے 212 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو بغیر کسی رن کے اضافے کے اس کی تینوں وکٹیں گر گئیں۔نسیم شاہ نے پہلی ہی بال پر ایمبل دینیا کو آؤٹ کر دیا، اس کے اگلے اوور میں یاسر شاہ نے سنچری بنانے والے فرنانڈو کو پویلین کی راہ دکھا دی۔
آخری وکٹ بھی نسیم شاہ کے حصے میں آئی جنہوں نے وشوا فرنانڈو کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی۔ ٹسٹ کرکٹ کے تاریخ میں ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے دوسرے کم عمر ترین بولر بن گئے۔
یہ ریکارڈ اب بھی ایک پاکستانی بولر کے نام تھا۔ 1958 میں نسیم الغنی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جارج ٹاؤن ٹسٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں، اس وقت ان کی عمر 16 برس اور 303 دن تھی۔ جبکہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے تیسرے کم عمرترین بولر کا اعزاز بھی پاکستان کے نام ہے۔ محمد عامر نے 17 سال 257 دن کی عمر میں آسٹریلیا کے خلاف 2009 میں میلبورن ٹسٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اس سے قبل میچ کے چوتھے روز 476 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی پہلی وکٹ 39 کے مجموعی اسکور پر گری جب کرونارتنے 16 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بنے تھے۔اس کے فورا بعد ہی نسیم شاہ نے مینڈس کو پویلین کی راہ دکھا دی، وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔70 کے مجموعی سکور پر شاہین شاہ آفریدی نے میتھیوز کو بھی آؤٹ کر دیا، وہ صرف 19 رنز بنا سکے۔
سری لنکا کی چوتھی وکٹ 96 کے مجموعی سکور پر گری جب نسیم شاہ نے چندی مل کو دو رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ اس کے اگلے ہی اوور میں یاسر شاہ نے ڈی سلوا کو صفر پر پویلین کی راہ دکھا دی۔97 رنز پر نصف ٹیم پویلین لوٹ جانے کے بعد نروش ڈک ویلا اور اوشاڈا فرنانڈو کے درمیان 104 رنز کی پارٹنرشپ ہوئی اور دونوں نے بیٹنگ لائن کو کچھ سہارا فراہم کیا۔
تاہم 65 کے انفرادی سکور پر حارث سہیل نے ڈک ویلا کو آؤٹ کر کے پاکستان کو چھٹی کامیابی دلائی۔ سری لنکا کی ساتویں وکٹ چوتھے دن کے آخری اوور میں گری جب پریرا پانچ رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر رضوان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 555 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر ختم کردی تھی۔پاکستان کےلئے دوسری اننگز میں اتبدائی چاروں بیٹسمینوں اوپنرس عابد علی،شان مسعود،کپتان اظہر علی اور بابر اعظم نے سنچریاں اسکور کی ہیں۔عابد علی جنہوں نے پاکستان کےلئے 174 رنز کی اننگز کھیلی انہیں میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا