جے پور۔ ایک پاکستانی شہری جسے بارڈرسیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے راجستھان کے سری گنگاگر ضلع میں ہندومل سرحد سے گرفتار کیا تھا اس نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے پیغمبر اسلام ﷺ کی شان میں گستاخی پرنوپورشرما کوقتل کرنے کے مقصد سے بین الاقوامی سرحد پار کی تھی۔ پولیس نے آج صبح اس کی تصدیق کی ہے ۔پاکستانی شہری جس کی شناخت رضوان اشرف کے نام سے ہوئی، اس نے 16 جولائی کو رات 11 بجے کے قریب سرحد پارکی۔
اس کے قبضے سے کئی مشکوک اشیاء بھی ملی ہیں جن میں 11 انچ کا تیز دھار چاقو بھی شامل ہے۔ انٹیلی جنس ایجنسی انٹیلی جنس بیورو (آئی بی ) ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) اور ملٹری انٹیلی جنس ایجنسی کی مشترکہ ٹیم نے ان سے پوچھ گچھ کی۔سری گنگا نگر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ آنند شرما نے کہا کہ ملزم نے سختی سے پوچھ گچھ کے بعدحقائق کا انکشاف کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا 24 سالہ پاکستانی شہری کی شناخت رضوان اشرف کے نام سے ہوئی ہے اور اسے بی ایس ایف کی ایک ٹیم نے مشکوک حالات میں سرحدوں پر گشت کرتے ہوئے پایا۔ ملزم کو ہندوملکوٹ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔
حکام نے بتایا کہ مشتبہ شخص رات 11 بجے کے قریب ضلع سری گنگا نگر سے متصل ہندو ملکوٹ سرحدی باڑ کے اردگرد گھوم رہا تھا۔ 16جولائی کو پٹرولنگ ٹیم کو شک ہوا اور اس سے پوچھ گچھ کی تاہم وہ مناسب جواب دینے میں ناکام رہا۔ اچھی طرح تلاشی لینے پر اس کے پاس سے دو چاقو برآمد ہوئے جن میں سے ایک 11 انچ لمبا تھا۔ اس کے علاوہ مذہبی کتابیں، نقشے، کپڑے اور کھانے پینے کی اشیاء بھی ملی ہیں۔
دوران تفتیش ملزم نے تصدیق کی کہ وہ شمالی پاکستان کے شہر منڈی بہاؤالدین کا رہائشی ہے۔اس نے عہدیداروں کو بتایا کہ اس نے نوپور شرما کو مارنے کے ارادے سے سرحد پار کی تھی۔ سازش کو انجام دینے سے پہلے وہ اجمیر کی درگاہ جارہا تھا۔ بی ایس ایف نے ملزم کو مقامی پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے اسے مقامی عدالت میں پیش کیا، جہاں سے اسے پانچ روزہ ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔