کولکتہ ۔ مارچ ۔سن رائزرس حیدرآباد آئی پی ایل کے بارہویں ایڈیشن میں کل دو مرتبہ کی چمپین کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف اسی کے میدان ایڈن گارڈنس میں افتتاحی مقابلہ کھیلے گی۔ حیدرآبادی ٹیم جس نے گزشتہ سیزن خطابی مقابلہ میں شکست کھائی تھی، اس مرتبہ بھی وہ بہتر مظاہرہ کے ذریعہ ٹورنمنٹ کا کامیاب آغاز کرنے کیلئے کوشاں ہوگی۔
حیدرآبادی شائقین کی تمام تر توجہ جارحانہ اوپنر ڈیوڈ وارنر پر ہوگی کیونکہ وہ تقریباً ایک سال کی پابندی کے بعد ٹیم میں واپسی کررہے ہیں۔ وارنر کی قیادت میں سن رائزرس حیدرآباد نے 2016ءمیں خطاب حاصل کیا تھا، جبکہ 2017ءمیں وہ ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے لیکن 2018ءمیں بال ٹیمپرنگ تنازعہ کے بعد ان پر عائد ایک سالہ پابندی کی وجہ سے وہ آئی پی ایل میں بھی شرکت نہیں کرپائے تھے۔
جنوبی آفریقہ کے خلاف ٹسٹ مقابلہ میں بال ٹیمپرنگ کی وجہ سے وارنر اس وقت اپنی ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ اور اوپنر بین کرافٹ کے ہمراہ پابندی کا شکار ہوئے تھے۔ بین کرافٹ کو 9 ماہ کی لیکن وارنر اور اسمتھ کو ایک سال کی پابندی برداشت کرنی پڑی ہے اور یہ پابندی 28 مارچ کو ختم ہورہی ہے تاہم بین الاقوامی کرکٹ پر پابندی کے باوجود یہ کھلاڑی ڈومیسٹک لیگس میں شرکت کے اہل قرار دیئے گئے جس کی وجہ سے وارنر اور آئی پی ایل میں شرکت کررہے ہیں۔
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں وارنر کہنی کے زخم میں مبتلا ہوئے تھے لیکن صحت یاب ہونے کے بعد انہوں نے سڈنی کلب کی ٹیم رینڈی پیٹس کے مقابلے میں 77 گیندوں میں سنچری بناکر اپنے فام کا اشارہ دیا ہے۔ کین ولیمسن ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ بولنگ شعبہ میں بھونیشور کمار کے ساتھ افغانستان کے راشد خان اور آل راونڈر وجئے شنکر بھی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہوں گے۔