دبئی ۔آسٹریلیا کے جارحانہ اوپنر ڈیویڈ وارنر کے ایک سوشل میڈیا پیغام کے بعد یہ قیاس آرائیاں گشت کرنے لگی ہں کہ حیدرآبادی ٹیم کے سابق کپتان کا ٹیم کے ساتھ سفر ختم ہوچکا ہے اور شاید اب وارنر کبھی حیدرآبادی ٹیم کی جرسی میں نظر نہیں آئیں گے۔وارنر نے اپنے انسٹاگرام پیغام میں کہا کہ بدقستمی سے میں میدان میں نہیں دیکھائی دوں گا۔ وارنر کے اس پیغام کے بعد کہا جارہاہے کہ اب وارنر کا حیدرآبادی ٹیم کے ساتھ سفر ختم ہوگیا ہے ۔ سن رائزرس حیدرآباد نے اس سال آئی پی ایل 2021 میں لگاتار پانچ ناکامیاں سہنے کے بعد ایک میچ جیتا ہے لیکن فتح سے زیادہ بات دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں اوپنربیٹسمین ڈیوڈ وارنر کی عدم موجودگی کے گردگھوم رہی ہے ۔
پیر کو کین ولیمسن کی زیرقیادت سن رائزرس حیدرآباد نے راجستھان رائلز کو سات وکٹوں سے شکست دی اور اس مقابلے میں وارنرکو انگلینڈ کے اوپنر جیسن رائے کے لیے ٹیم سے خارج کیا گیا۔ رائے نے فرنچائز کے لیے نو میچوں میں باہر رہنے کے بعد پہلی بار نمائندگی کی ہے ۔رائے نے 60 رنز 42 گیندوں پر آٹھ چوکوں ایک چھکے کی مدد سے بنائے اور اورنج آرمی نے165 رنزکا ہدف 18.3 اوورز میں مکمل کیا جبکہ کپتان ولیمسن 51 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔سن رائزرز حیدرآباد کے ہیڈ کوچ ٹریور بیلس نے وضاحت کی کہ وارنر واحد سینئر کھلاڑی نہیں تھے جوٹیم سے باہر رہے اور اس بات کا امکان بھی ہوسکتا ہے کہ آسٹریلیائی کھلاڑی سیزن کے باقی چارمقابلوں میں بھی نہ کھیلے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اگلے مرحلے میں رسائی سے محروم ہوچکے ہیں اس لیے ہم نے فیصلہ کیا کہ نوجوانوں کو نہ صرف میچوں کا تجربہ ملے گا بلکہ گراونڈ اور سیٹ اپ کے اردگرد وقت بھی ملے گا اور اس میچ کے لیے ہم نے ایک فیصلہ کیا کیونکہ وہ واحد تجربہ کار کھلاڑی نہیں تھا جسے ہم واپس ہوٹل میں چھوڑ دئے تھے ۔ ان خیالات کے اظہار’ٹریور بیلس نے ایک میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا۔اس مقابلے میں ٹیم سے باہر کا راستہ دیکھا نے سے قبل وارنر کو کپتانی سے بھی ہٹادیاگیا کیونکہ حیدرآبادی ٹیم آئی پی ایل 2021 کے پہلے مرحلے میں صرف ایک جیت درج کر سکی تھا۔ناکام پہلے مرحلے کے بعد ولیمسن کو دوبارہ کپتان بنادیاگیا ۔کپتان کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد اب ٹیم سے بھی وارنر کو باہر کرنے کے بعد حیدرآباد کےلئے ان کا مستقبل غیر یقینی نظرآتا ہے۔
اس ضمن میں کرکٹر سے کمنٹیٹر بنے آکاش چوپڑا کا خیال ہے کہ آسٹریلیائی بیٹسمین کے لیے آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد کے ساتھ یہ آخری موقع تھا اور اب شاید وارنر حیدرآباد کی دوبارہ نمائندگی نہیں کرپائیں گے۔گزشتہ مقابلے میں حیدرآبادی ٹیم نے اپنے قطعی 11 کھلاڑیوں میں بڑی تبدیلیاں کیں۔حیدرآباد نے جیسن رائے ، ابھیشیک شرما ، پریم گرگ کو موقع دیا۔ خلیل کے مقام پر سدھارتھ کول کو بھی موقع دیا گیا اور ٹیم کی قسمت بدل گئی۔چوپڑا نے کہا کہ حیدرآباد نے وارنرکو بھی نظر انداز کردیا اور مجھے لگتا ہے کہ یہ وارنر کے لیے حیدرآباد کا سفر ختم ہوگیاہے ۔ ہم وارنر کو سن رائزرز حیدرآباد کے رنگوں میں مزید نہیں دیکھیں گے ، ان کا کھیل ختم ہوگیا ہے۔یادرہے کہ ڈیوڈ وارنر کی کپتانی میں سن رائزرس حیدرآباد نے فائنل میں ویرات کوہلی کی رائل چیلنجرز بنگلور کو آٹھ رنز سے شکست دینے کے بعد 2016 کا آئی پی ایل خطاب اپنے نام کیا تھا ۔اس قبل ٹیم کا نام دکن چارجرس تھا جس نے ایک اور آسٹریلیائی بائیں ہاتھ کے اوپنر آڈم گلکرسٹ کی قیادت میں خطاب جیتا تھا۔