Wednesday, April 23, 2025
Homesliderوانکھڈے اسٹیڈیم کے تین  افراد کورونا سے متاثر ، آئی پی ایل...

وانکھڈے اسٹیڈیم کے تین  افراد کورونا سے متاثر ، آئی پی ایل کی میزبانی خطرے میں

- Advertisement -
- Advertisement -

ممبئی ۔ وانکھڈے اسٹیڈیم میں آئی پی ایل کے 10 مقابلوں کی میزبانی کی اجازت دی گئی ہی لیکن اس کے ساتھ ہی اب میدان کا عملہ کے دو ارکان اور ایک پلمبر کوروناوائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ مذکورہ اسٹیڈیم میں آئی پی ایل کا پہلا مقابلہ 10 اپریل کو منعقد شدنی ہے جبکہ آئی پی ایل 2021ءکا افتتاحی مقابلہ 9 اپریل کو چینائی میں دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس اور رائل چیلنجرس بنگلور کے درمیان منعقد شدنی ہے۔

ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن کے ذرائع نے خبر رساں ادارہ کو مطلع کیا کہ وانکھیڈے اسٹیڈیم کے میدان کے عملہ کے دو ارکان اور ایک پلمبر کا کورونا ٹسٹ مثبت آیا ہے۔ قبل ازیں گذشتہ ہفتہ کو میدان کے عملہ کے 10 اراکین بھی کورونا سے متاثر ہوئے تھے لیکن اس کے بعد سے وہ صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔میدان کے عملہ کے علاوہ ممبئی انڈینس ٹیم کے وکٹ کیپنگ مشیر اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر کرن مورے بھی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔میدان کے عملہ اور ٹیم کے ارکان کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد ممبئی میں آئی پی ایل کے مقابلوں کے انعقاد پر سوالیہ نشان اور بھی گہرا ہوچکا ہے ۔

یہاں اس بات کا تذکرہ اہم ہے کہ پیر کو مہاراشٹرا حکومت نے ممبئی میں آئی پی ایل کے مقابلوں کی اجازت دی تھی لیکن دوسری جانب شہر میں رات کا کرفیو اور ہفتہ کے آخری ایام کا لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا گیا ہے۔ حکومت نے ٹیموں کو اپنی ہوٹل سے سفر کرتے ہوئے اسٹیڈیم میں پریکٹس کی اجازت بھی دی ہے لیکن یہ پریکٹس رات 8 بجے کے بعد ہی کی جائے گی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہمیت کا حامل ہیکہ منگل کو مہاراشٹرا میں کورونا کے 47 ہزار نئے معاملات سامنے آئے ہیں جس میں 9 ہزار معاملات کا تعلق صرف ممبئی سے ہے۔