دبئی۔ ٹی20 ورلڈکپ میں پہلی مرتبہ ڈسیزن ریویوسسٹم (ڈی آرایس) کااستعمال کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی گورننگ باڈی نے اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ کے آخر میں شروع ہورہے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ میں ڈی آر ایس کی سہولت دستیاب ہوگی۔آئندہ ٹی20 ورلڈکپ کے لئے آئی سی سی کی جانب سے رواں ہفتے جاری کی گئی کھیل کی شرائط کے مطابق، ہر ٹیم کو فی اننگز زیادہ سے زیادہ دوریویولینے کا موقع ملے گا۔ گورننگ باڈی نے گزشتہ سال جون میں تمام فارمیٹ کے ایک میچ کی ہراننگز میں ہرٹیم کے لئے ایک اضافی ڈی آرایس کی تصدیق کی تھی۔
کوویڈ19 کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض اوقات خدمات پرکم تجربہ کار امپائر ہوسکتے ہیں ، اس لئے ہرٹیم کے لئے فی اننگز ناکام اپیلوں کے لئے ونڈے اور ٹی ٹونٹی میچوں کے لیے دو اورٹسٹ کے لیے تین ڈی آرایس کی ریویو سہولت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔اس کے ساتھ ہی آئی سی سی نے میچ میں تاخیر اور بارش سے متاثر ہونے والے میچز کے لیے کم ازکم اوورز کی تعداد بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ مرحلے کے دوران ہر ٹیم کو ڈی ایل ایس طریقہ کار سے نتیجہ کا فیصلہ کرنے کے لیے کم از کم پانچ اوور بیٹنگ کرنی ہوگی۔ تاہم سیمی فائنل اور فائنل کے لیے ہر ٹیمکو نتیجہ کا فیصلہ کرنے کے لیے کم ازکم 10 اوور بیٹنگ کرنی ہوگی۔
مردوں کے ٹی20 ورلڈ کپ میں اس سے پہلے ڈی آر ایس استعمال نہیں کیا گیا تھا کیونکہ ایونٹ کا آخری ایڈیشن 2016 میں تھا جب ٹی20 میں ڈی آر ایس نہیں تھا۔2018 خواتین ٹی20 ورلڈ کپ آئی سی سی کا پہلا ٹورنمنٹ تھا جس میں ڈی آر ایس دستیاب تھا۔ اس مقابلے میں ہر ٹیم کے پاس ایک ریویودستیاب تھا۔ آسٹریلیا میں ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے2020 ایڈیشن میں دوبارہ اسی کااستعمال کیا گیا۔ڈی آر ایس امپائرزکی جانب سے فیصلہ کرنے میں غلطی کے فرق کوکم کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔ اس اصول کے ذریعے اگرکوئی کھلاڑی امپائر کے فیصلے سے ناخوش ہے تو وہ ریویو لے سکتا ہے ۔ اس کے بعد فیلڈ امپائر تھرڈ امپائر سے مشورہ کرتا ہے ۔ مردوںکرکٹ کی بات کی جائے تو اس کا استعمال 2017 کے بعد سے آئی سی سی کے بڑے ٹورنمنٹس میں کیاجارہا ہے ۔آئی سی سی کے ضوابط کے تحت، مردوخواتین کے بین الاقوامی میچوں میں ڈی آرایس کا استعمال دو طرفہ سیریز کے لیے حصہ لینے والے دونوں بورڈوں کی صوابدید پر ہے کہ وہ اس نظام کااستعمال کرناچاہتے ہیں یا نہیں۔