دبئی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 16 اکتوبر سے 13 نومبر2022 کے درمیان آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے ایڈیشن کے لئے 7 میزبان شہروں کا اعلان کیا ہے۔ایونٹ میں اگلے سال ایڈیلیڈ، برسبین، گیلونگ، ہوبارٹ، میلبورن، پرتھ اور سڈنی میں جملہ 45 میچز ہوں گے۔ ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل کی میزبانی میلبورن کرکٹ گراونڈ (ایم سی جی) میں 13 نومبر 2022 کو ڈے نائٹ کرے گا۔ سیمی فائنل بالترتیب 9 اور10 نومبرکو سڈنی کرکٹ گراونڈ (ایس سی جی) اور ایڈیلیڈ اوول میں ہوں گے۔
مردوں کے 2021 کے ٹی20 ورلڈ کپ کی چمپئن آسٹریلیا اور رنر اپ نیوزی لینڈ کے علاوہ افغانستان، بنگلہ دیش، انگلینڈ، ہندوستان، پاکستان اور جنوبی افریقہ اگلی سب سے زیادہ رینک والی ٹیموں کے طور پر سوپر12مرحلے میں براہ راست داخلہ حاصل کریں گی۔نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز راونڈ1 میں کھیلیں گے جس کے بعد وہ سوپر12 میں رسائی حاصل کریں گے ۔ باقی 4 مقامات کےلئے مذکورہ ٹیمیں کوالیفائینگ راونڈ میں شرکت کے ذریعے سوپر12 میں جائیں گی، جس کا اختتام دو عالمی کوالیفائنگ ٹورنمنٹ میں ہوگا، ایک فروری میں عمان میں اور دوسرا زمبابوے میں جون/جولائی میں ہوگا۔
آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس، کرس ٹیٹلی نے کہا کہ ہم آسٹریلیا میں آئی سی سی ایونٹس کی واپسی کو دیکھنے کے منتظر ہیں اور آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کے لیے سات میزبان شہروں کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ 2020 میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور دو سال کے التوا کے بعد، ہماری نظریں اب ایل او سی (مقامی آرگنائزنگ کمیٹی) کے تعاون سے 2022 کے ایونٹ کی منصوبہ بندی پر مضبوطی سے مرکوز ہیں۔لائن اپ میں 12 ٹیموں کی پہلے 8 مقامات کی تصدیق ہو چکی ہے، ہم کوالیفائینگ کے عمل کے اختتام کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں تاکہ یہ دیکھیں کہ کون سی ٹیمیں سوپر 12 میں شامل ہوں گی۔