حیدرآباد: وقار آباد ضلع میں پیش آئے ٹرین کے حادثہ میں ریلوے کے تین اسٹاف ارکان ہلاک ہوگئے جبکہ 9دیگر محفوظ رہے۔ریلوے کے 12اسٹاف ارکان وقارآباد اسٹیشن کے برج کے قریب پینٹنگ کے کام میں مصروف تھے کہ اسی دوران ایک ریلوے انجن جو حیدرآباد سے وقارآباد آرہا تھا نے تین اسٹاف ارکان کو ٹکر دے دی۔
حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ تین افراد برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر کو کوئی گزند نہیں پہنچی۔اطلاع ملتے ہی ریلوے کے عہدیدار اور وقارآباد ایس پی مقام حادثہ پر پہنچے اور اس حادثہ کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کی۔ریلوے پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا اور جانچ شروع کردی۔اس حادثہ میں محفوظ رہنے والے اسٹاف نے الزام لگایا کہ ریلوے کے عہدیداروں کی لاپرواہی کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔دوسری طرف مہلوکین کے افراد خاندان نے ان سے انصاف کرنے کامطالبہ کیا۔