Thursday, April 24, 2025
Homeاسپورٹسونیش پھوگٹ نے ٹوکیو اولمپک کا ٹکٹ حاصل کرلیا

ونیش پھوگٹ نے ٹوکیو اولمپک کا ٹکٹ حاصل کرلیا

- Advertisement -
- Advertisement -

نورسلطان (قزاقستان) ۔ ہندوستانی اسٹار ریسلر ونیش پھوگٹ نے 53 کیلو گرام زمرہ میں ٹوکیو اولمپک 2020ءمیں رسائی حاصل کرلی ہے اور وہ اولمپک میں رسائی حاصل کرنے والی پہلی ہندوستانی ریسلر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ ٹوکیو اولمپک میں رسائی کیلئے انہوں نے ورلڈ چمپئن شپ میں امریکی حریف ریسلر سارا ہیلڈ برانڈ کو شکست دی۔ 25 سالہ ہندوستانی ریسلر نے ورلڈ چمپئن شپ کے سلور میڈلسٹ امریکی ریسلر کے خلاف متاثرکن اسکور 8-2 سے کامیابی حاصل کی۔

اس کامیابی کی بدولت ونیش اولمپک میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ ونیش نے اس سے قبل یوکرین کی ریسلر یولیا کھلویزی کو باآسانی 5-0 کی شکست دی تھی اور یہ 53 کیلو گرام زمرہ میں شاندار مہم کا بہترین آغاز تھا۔ سارا اور ونیش کے درمیان مقابلہ کافی مسابقتی رہا کیونکہ کم از کم پانچ مرتبہ سارا نے ونیش کے سیدھے پیر کو قابو میں کرنے کی کوشش کی لیکن اوپری جسم کی طاقت اور قوت کا صحیح استعمال کرتے ہوئے ہندوستانی ریسلر نے حریف کو خود پر قابو پانے کا موقع نہیں دیا۔

 اس کامیابی اور اولمپک میں رسائی کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے ونیش نے کہا کہ میں انتہائی مسرور ہوں کیونکہ اب میں ٹوکیو جاسکوں گی لیکن کامیابی یہیں ختم نہیں ہوئی کیونکہ جو موقع مجھے ملا ہے اس میں میڈل حاصل کرنے کی خواہاں ہوں۔