احمد آباد۔ امریکی صدرڈونالڈ ٹرمپ کے گجرات دورے کے سلسلے میں کی جانے والی سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کے درمیان یہاں زیر تعمیر دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں ان کے کیم چھو ٹرمپ پروگرام کے لیے مدعو ایک ملین سے زائد حاضرین میں سے ہرکسی کے بارے میں پولیس شدید جانچ پڑتال کر رہی ہے ۔
ایک پولیس عہدیدار نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ 24 فروری کو ٹرمپ کا احمد آباد دورہ کسی امریکی صدر کا پہلا گجرات دورہ ہوگا۔ اس دورے کے لیے مجموعی طور پر 11ہزار سے زیادہ پولیس عہدیدار سیکورٹی انتظامات میں تعینات رہیں گے ۔ وہ ایرپورٹ سے مودی کے ساتھ سابرمتی آشرم آئیں گے اور موٹیرا کے سردار پٹیل اسٹیڈیم جائیں گے جہاں کیم چھو ٹرمپ پروگرام میں مودی کے ساتھ شرکت کریں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مودی کے امریکہ دورے کے موقع پر ہونے والے ہاوڈی مودی پروگرام کی طرز پر ہونے والے اس پروگرام کے لیے تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار افراد اس بڑے اسٹیڈیم میں بطور ناظرین شریک ہوں گے لیکن ان میں سے تمام افراد مدعو ہوں گے اور گجرات کے مختلف حصوں سے آئیں گے ۔ان میں سے ہر ایک کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے ۔ مقامی پولیس اس سلسلے میں شدیدتحقیقات کر رہی ہے اور بعد میں اعلی سطح پر توثیق کیا جائے گا۔ ٹرمپ کے دورے کے لیے25 آئی پی ایس افسران بھی تعینات ہوں گے ۔ اس کے علاوہ اسسٹنٹ پولیس کمشنر سطح کے65,200 انسپکٹر اور 800 سب انسپکٹر اور10 ہزار عام پولیس عہدیدار تعینات رہیں گے ۔ سیکورٹی میں ایس پی جی اور دیگر کمانڈو بھی رہیں گے ۔
دورے کے پیش نظر شہر کے تمام ہوٹلوں اورمہمان خانہ میں آنے اور رہنے والے ایک ایک شخص کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کی جارہی ہے ۔ اسٹیڈیم کے اردگرد کے تمام علاقوں میں کرایہ داروں اور نئے شائقین کے بارے میں بھی پولیس مکمل معلومات جمع کر رہی ہے ۔واضح رہے کہ ٹرمپ60 ایکڑ سے بھی زیادہ کے علاقے میں پھیلے اس عظیم اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے ۔ گجرات کرکٹ اسوسی ایشن کے سابق صدر رہنے والے مودی کے لیے یہ اسٹیڈیم بھی ایک پسندیدہ منصوبہ رہا ہے ۔ اسے نسبتاً کم استعداد والے پرانے اسٹیڈیم کے مقام پر بنایا گیا ہے ۔