Wednesday, April 23, 2025
Homesliderٹسٹ چمپئن شپ فائنل میں چھٹا دن بھی ہونے کا امکان

ٹسٹ چمپئن شپ فائنل میں چھٹا دن بھی ہونے کا امکان

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی۔ عالمی ٹسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جوکہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 18 جون کو شروع ہوگا اور اس مقابلے کے بعد دنیا ئے ٹسٹ کرکٹ کی چمپئن ٹیم کا فیصلہ ہوگا لیکن ٹسٹ مقابلے کو ڈرا ہونے سے بچانے اور چمپئن ٹیم کا فیصلہ یقینی بنانے کےلئے آئی سی سی مختلف زاویوں پرغور کررہی ہے اور فائنل  میں چھٹا محفوظ دن رکھنے کا امکان ہے جب کہ ٹسٹ میچ کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے حتمی فیصلہ یکم جون کو آئی سی سی اجلاس میں ہوگا۔

 آئی سی سی کی ویب سائٹ پر ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ فائنل میں 30گھنٹے کا کھیل کا وقت ضروری قرار دیا گیا تھا،کسی وجہ سے ضائع ہونے والے وقت کی تلافی کیلئے چھٹا محفوظ دن بھی رکھا جائے گا، بعد ازاں یہ تفصیل ہٹا دی گئی،اس وقت سے مختلف سوالات اٹھ رہے ہیں کہ اگر میچ کا نتیجہ نہ نکلا تو کس ٹیم کو چمپئن شپ کی فاتح قرار دیا جائے گا۔

 ذرائع کے مطابق فیصلہ کن مقابلہ کی پلیئنگ کنڈیشنز کے حوالے سے یکم جون سے ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں غور ہوگا۔ قوی امکان ہے کہ 18جون کو شروع ہونے والے ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے اس میچ کیلئے ایک محفوظ دن مختص ہوگا۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہونے والی چمپئن شپ کا فائنل ڈرا ہونے پر دونوں ٹیموں کو مشترکہ چمپئن قرار دینے سے اچھا تاثر نہیں جائے گا،اس لئے میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے پوری کوشش کی جائے گی، موسم کی مداخلت یا سلو اوور ریٹ سمیت مختلف مسائل کے باوجود 450 اوورز مکمل کئے جائیں گے ۔

 ذرائع نے کہا ہے کہ ان اقدامات کے باوجود آئندہ آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے منصوبہ پر نظر ثانی بھی کئے جانے کا امکان ہے ۔ کریگ بارکلے نے آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ہی نومبر میں کہہ دیا تھا کہ اس ایونٹ سے وہ مقاصد حاصل نہیں کئے جاسکے جس کی توقع ہو رہی تھی۔ یکم جون کو آئی سی سی کی ہونے والے اجلاس میں تمام باتیں واضح ہوجائیں گی۔