نئی دہلی : متحدہ عرب امارات میں حالیہ اختتام پذیر ایشیاءکا باکسنگ چمپئن شپ میں ہندوستانی باکسروں نے دو گولڈ میڈل کے بشمول 15 میڈلس حاصل کئے تھے جس میں 5 سلور اور 8 برونز میڈل بھی ہیں، ان مظاہروں کے بعد قومی سلیکٹر اور اولمپین وینکٹیسن دیوا راجن نے پیش قیاسی کی ہیکہ ٹوکیو اولمپک میں ہندوستانی باکسروں کی جانب سے بہتر مظاہرہ ہوگا اور قومی باکسر اولمپک میں اپنا ریکارڈ مزید بہتر کرسکتے ہیں۔
دیواراجن نے مزید کہا کہ ٹوکیو اولمپک میں ہندوستانی باکسروں کی جانب سے اب تک کا بہترین مظاہرہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہمیت کا حامل ہیکہ ہندوستان نے واحد میڈل 2008ءاولمپک میں حاصل کیا ہے جوکہ وجیندرا کمار کی جانب سے ہندوستان کو حاصل ہونے والی کامیابی ہے۔ دیواراجن نے کہا ہیکہ ٹوکیو اولمپک میں نہ صرف ہمیں حاصل ہونے والے میڈل کا رنگ تبدیل ہوسکتا ہے بلکہ ہم دو یا تین میڈلس کی امید کرسکتے ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے امیت پنگھل، منیت کوشیک، وکاس کرشنن، اشیش کمار، ستیش کمار، میری کوم، سمرن جیت کور، لولینابورگوہین اور پوجارانی ٹوکیو اولمپک میں رسائی حاصل کرچکی ہے۔
دیواراجن کے بموجب ہندوستانی باکسروں کا اعتماد کافی بلند ہے۔ حالیہ دنوں میں اور خاص کرکے ایشیاءکپ میں ہندوستانی باکسروں نے جس طرح کے مظاہرے کئے ہیں اس کے بعد ان کے حوصلوں کا بلند ہونا یقینی ہے۔ نیز بلند حوصلوں کی وجہ سے وہ ذہنی طور پر بھی پرعزم ہیں۔ لہٰذا ہندوستان اس مرتبہ نہ صرف میڈل کا رنگ تبدیل کرسکتا ہے بلکہ متعدد زمروں میں کامیابی بھی حاصل کرسکتا ہے۔ دیواراجن جنہوں نے 1994ءورلڈ باکسنگ چمپئن شپ بنکاک میں ہندوستان کیلئے برونز میڈل حاصل کیا تھا، انہوں نے حکام سے اظہارتشکر کیا کیونکہ دستیاب سہولیات کی وجہ سے ہندوستان اس وقت باکسنگ کا ایک پاور ہاوز بن رہا ہے۔