نئی دہلی: ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان سردار سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان کے پاس اگلے سال جاپان کے شہر ٹوکیو میں منعقد ہونے والے کھیلوں کے اولمپکس میں میڈل جیتنے کا سنہری موقع ہے ۔ہندوستانی ٹیم اس وقت عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر ہے اور اس نے گذشتہ قریب دوسال میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ ٹوکیو اولمپکس مینز ہاکی مقابلہ میں ہندوستان کا پہلا میچ24 جولائی کو عالمی نمبر آٹھ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا۔ہندوستان کی مردوں کی ٹیم کو دوسرے نمبر پر آسٹریلیا ، اولمپک چمپئن ارجنٹینا ، نویں نمبر پر اسپین ، آٹھویں نمبر پر نیوزی لینڈ اور ایشین گیمز کے چمپئن اور میزبان جاپان کے ساتھ پول اے میں رکھا گیا ہے ۔ پول بی بیلجیئم ، ہالینڈ ، جرمنی ، برطانیہ ، کینیڈا اور جنوبی افریقہ پر مشتمل ہے ۔
اس کے بعد ہندوستان کا مقابلہ 25 جولائی کو آسٹریلیا ، 27 جولائی کو اسپین ، 29 جولائی کو ارجنٹینا اور 30 جولائی کو جاپان سے ہوگا۔ کوارٹر فائنل یکم اگست اور سیمی فائنل 3 اگست کو ہوگا جبکہ برونز اور گولڈ میڈلس کے میچز5 اگست کو ہوں گے ۔ ہندوستان کا پہلا ہدف کوارٹر فائنل میں جگہ بنانا ہو گا۔ ہر گروپ کی سرفہرست چار ٹیمیں کوارٹر فائنل میں داخل ہوں گی۔
سردار کا خیال ہے کہ موجودہ ٹیم میں اولمپک میڈل جیتنے کی صلاحیت ہے ۔ سردار سے قبل ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق تجربہ کار گول کیپر پی آر سریجیش نے کہا تھا کہ اگر ٹیم اپنی ہی تال میں کھیلتی ہے تو ٹوکیو اولمپک کھیلوں میں میڈل حاصل کرنے کی وجہ سے یہ تعطل کو توڑ سکتا ہے ۔ ہندوستان نے آخری مرتبہ1980 کے ماسکو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا لیکن اس کے بعد ہندوستان کبھی اولمپک پوڈیم تک نہیں پہنچا۔
سابق کپتان نے کہا کہ میں نے 314 بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں لیکن اولمپک میڈل نہ جیتنے کا مجھے ابھی بھی رنج ہے ۔ ٹیم نے پچھلے کچھ سال میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس سال ایف آئی ایچ پروہاکی لیگ میں ٹیم کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ ہم اولمپک میڈل جیتیں گے ۔ میرے خیال میں موجودہ ٹیم کے پاس ٹوکیو میں میڈل جیتنے کا سنہری موقع ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اگلا سال ٹیم کے لئے بہت اہم ہوگا اور اس دوران ٹیم کے پاس نئے کھلاڑیوںکو سکھانے کا موقع ہے ۔ راج کمار، دلپریت ، وویک ساگر اورگرصاحب جیسے نوجوان کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ٹیم کوچ گراہم ریڈ کا ان کھلاڑیوں کو بڑے میچوں میں ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ بہت اچھا رہا ہے ۔
سردار نے کہا کہ اب جب کہ عالمی وبائی مرض کورونا وائرس کی وجہ سے اولمپکس کو ملتوی کردیا گیا ہے ، اس ٹیم کے چھوٹے ہدف کے حصول کا ایک اچھا موقع ہے ۔ مواقع کا فائدہ اٹھانا اب بھی ٹیم کے لئے سب سے اہم پہلو ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ ٹیمیں اب پچھلے دو تین سال کی نسبت بہتر موقف میں ہیں۔ اگلے سال اولمپکس سے پہلے اپنی تیاریوں کو ارجنٹینا ، برطانیہ ، جرمنی ، اسپین اور نیوزی لینڈ کے خلاف پرکھنے کا ایک اچھا موقع رہے گا۔