کابل۔ افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے اکتوبر-نومبر میں متحدہ عرب امارات اور عمان میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا جس کے فوراً بعدلیگ اسپنر راشد خان نے افغانستان ٹی 20 کپتان کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کردیا ہے ۔
آل راؤنڈر نے یہ فیصلہ ورلڈ کپ اسکواڈ کے اعلان کے بعد کیاہے ۔راشد خان نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا سلیکشن کمیٹی اور اے سی بی (افغانستان کرکٹ بورڈ) نے ٹیم کے لیے میری رضامندی حاصل نہیں کی جس کا اعلان اے سی بی میڈیا نے کیا ہے۔
بطور کپتان اور قوم کے ذمہ دار فرد میں ٹیم کے انتخاب کا حصہ بننے کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔ میں افغانستان ٹی 20 کے کپتان کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ فوری طور پرکررہا ہوں۔توقع ہے کہ محمد نبی ورلڈ کپ کے لیے کپتانی کا کردارادا کریں گے۔
راشد خان آئی سی سی ٹورنمنٹ کے لیے اعلان کردہ طاقتور اسپن شعبہ کا حصہ ہیں جس میں ان کے ساتھ آل راؤنڈر محمد نبی اور شرف الدین اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔فرنٹ لائن اسپنرز قیس احمد اور مجیب الرحمن کو بھی منتخب کیا گیا۔افغانستان اپنا ٹورنمنٹ 25 اکتوبر کو شارجہ میں گروپ بی میں کوالیفائنگ ٹیموں میں سے ایک کے خلاف کھیلے گا۔افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے معلنہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ۔
راشد خان ، رحمان اللہ گرباز ، حضرت اللہ زازی ، عثمان غنی ، اصغر افغان ، محمد نبی ، نجیب اللہ زدران ، حشمت اللہ شاہدی ، محمد شہزاد ، مجیب الرحمن ، کریم جنت ، گلبدین نائب ، نوین الحق ، حامد حسن ، شرف الدین اشرف ، دولت زدران ، شاپور زدران اور قیس احمد۔محفوظ کھلاڑیوں میں افیسر زازی اور فرید احمد ملک کے نام موجود ہیں ۔