دبئی : آئی سی سی میں 2027ءمرد زمرہ کے ورلڈکپ کو 14 ٹیموں کا ٹورنمنٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی سی سی کے اجلاس میں کچھ اہم فیصلے کئے گئے، جس میں آئندہ مرحلہ کے ایونٹس میں ونڈے ورلڈ کپ کو 14 ٹیموں کا ٹورنمنٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 2023 تا 2031ءکے دوران منعقد شدنی آئی سی سی ایونٹس کے متعلق چند اہم فیصلے کئے گئے ہیں جس میں ونڈے ورلڈ کپ کو 14 ٹیموں کا ٹورنمنٹ بنانے کے علاوہ ٹی 20 ورلڈ کو 20 ٹیموں کا ٹورنمنٹ کردیا گیا ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ ہر دو سال میں ایک مرتبہ منعقد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 50 اوورس کی چمپئنس ٹرافی کی بھی واپسی ہوئی ہے۔ 2017ءمیں منعقدہ چمپئنس ٹرافی کا آئندہ ایونٹ 2025ءمیں منعقد ہوگا جس کے بعد 2029ءمیں بھی یہ ٹورنمنٹ کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی بورڈ نے فیصلہ کیا ہیکہ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو سی) کو 9 ٹیموں کے ساتھ جاری رکھا جائے گا جس میں 6 سیریزیں کھیلی جائیں گی جبکہ خطابی مقابلہ دو سال بعد منعقد ہوگا۔ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ 2025، 2027، 2029 اور 2031ءمیں فائنل مقابلہ دیکھے گی۔ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا افتتاحی ایڈیشن خطابی مقابلہ تک پہنچ چکا ہے جیسا کہ اب 18 تا 22 جون ساوتھمپٹن میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان خطابی مقابلہ کے ساتھ ختم ہوگا۔
آئی سی سی کے اجلاس میں قابل ذکر فیصلہ ونڈے ورلڈ کپ کے ضمن میں ہوا ہے جیسا کہ 2027اور 2031ءکا عالمی ایونٹ 54 مقابلوں پر مشتمل ہوگا اور اس طرح یہ ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے طویل ایونٹ بن جائے گا۔ حالانکہ 2015ءمیں اس ورلڈ کپ کو صرف 10 ٹیموں تک محدود رکھا گیا تھا اور یہ ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے چھوٹا ورلڈ کپ ثابت ہوا ہے۔ 2023ءکا ورلڈ کپ ہندوستان میں کھیلا جائے گا اور یہ 10 ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔ حالانکہ 2003ءکے ورلڈ کپ میں سوپر6 کا مرحلہ بھی شامل کیا گیا تھا۔ اسی طر زکو اب آئندہ ورلڈ کپ میں بھی استعمال کیا جائے گا۔ ورلڈ کپ کے فارمٹ کو طویل کرنے کا مطلب یہ ہوا کہ لیگ مرحلہ کی 13 ٹیموں کا ہنوز فیصلہ نہیں ہوا ہے کیونکہ ان کی رسائی کیلئے جو راستہ اختیار کیا جائے گا اس کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ آئی سی سی کی نظر میں ایک ایسا ٹورنمنٹ ہے جس کو آئی سی سی طویل بنانا چاہتا ہے جس کیلئے اس نے چار گروپ کی تشکیل دی ہے جس میں 5 ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف مظاہرہ کریں گے جس کے بعد ناک آوٹ مرحلہ کا آغاز ہوگا ۔ ناک آوٹ مرحلہ میں کامیاب ہونے والی ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل اور فائنل کھیلے جائیں گے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024، 2026، 2028 اور 2030ءکو کھیلے جائیں گے اور ہر ایونٹ میں 55 مقابلے منعقد ہوں گے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر جیف الرڈیس نے اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ 2031ءتک منعقد شدنی ایونٹس کا فیصلہ کرنا ایک خوش آئند ہے کیونکہ بورڈ نے آئندہ چند برسوں کیلئے مقابلوں، ٹیموں اور ایونٹ کے فارمٹ کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔