نئی دہلی: پیر کی صبح چاقو لے کر پارلیمنٹ احاطے میں داخل ہونے کی کو شش کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔یہ شخص وجئے چوک کے آرین گیٹ سے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے سیکیوریٹی اہلکاروں نے اس شخص کو پکڑ لیا اور پولیس کو طلب کیا۔جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کر لیا،اور ڈپٹی کمشنر آف پولیس نئی دہلی ایش سنگھل اس سے پوچھ تاچھ کر رہے ہیں۔
اس شخص کی گرفتاری کے بعد نئی دہلی کے ضلع میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ایش سنگھل نے بتایا کہ 25سالہشخص کا نام ساگر انسان ہے۔وہ لکشمی نگر کا رہنے والا ہے۔۔اس کو کو پارلیمنٹ کے گیٹ نمبر ایک سے گرفتار کیا گیا ہے۔پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں اس سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔
انٹلیجنس بیورو کے عہدیدار بھی وہاں پہنچ گئے ہیں۔سنگھل کے مطابق ”اس شخص کے پاس سے ایک چاقو اور ایک موٹر سائکل بھی بر آمد کی گئی ہے جس پر وہ پارلیمنٹ پہنچا تھا۔یہ شخص جو اسٹریٹ فروش ہے،اپنے والد کے ساتھ رہتا ہے۔اور موٹر سائکل اس کے بھائی کی ہے۔
گرفتاری کے بعد اس نے اپنی تنظیم کا ذکر کرتے ہوئے نعرے بازی شروع کردی۔اس شخص نے خود کو ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ و عصمت دری کے مجرم رام رحیم کا ھامی بتایا،۔ابھی تک اس فعل کے پیچھے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔