جے پور۔ راجستھان کے ادے پور سے تعلق رکھنے والی ایک خانگی اسکول کی ٹیچر نفیسہ عطاری کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کے خلاف پاکستان کی جیت کا جشن مناتے ہوئے واٹس ایپ اسٹیٹس رکھا تھا۔ڈی ایس پی اودے پور مہیندر پاریک کے مطابق تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 153 بی (تعزیرات، قومی یکجہتی کے لیے متضاد) کے تحت ایک ایف آئی آر شہر کے امبا ماتا پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے ٹیچر کو گرفتار کیا گیا بعد میں اسے ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے رپورٹ کیا کہ ٹیچر نے اپنے اسٹیٹس پر رومن انگریزی میں ہم جیت گئے لکھا تھا اور ساتھ پاکستانی کرکٹ کھلاڑیوں کی تصاویر شامل کی تھیں۔واٹس ایپ اسٹیٹس پر ایسا مواد پوسٹ کرنے کا جواز پیش کرتے ہوئے اس نے کہا ہمارے خاندان کے افراد دو حصوں میں بٹے ہوئے تھے اور انہوں نے اپنی ٹیموں کی حمایت کی۔ اس کا کسی بھی طرح سے یہ مطلب نہیں ہے کہ میں پاکستان کی حمایت کررہی ہوں۔
ادے پور کے نیرجا مودی اسکول کے باہر دائیں بازو کے گروپوں کے غصے کے بعد اس نے معافی مانگی اور اسے نوکری سے نکال دیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی نے مجھے کہا کہ میں نے پاکستان کی حمایت کی ہے۔ جیسا کہ پیغام میں ایموجیز تھا اور یہ ایک تفریحی ماحول تھا، میں نے جواب دیا، ہاں۔ تاہم، اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں پاکستان کی حمایت کرتی ہوں۔ میں ایک ہندوستانی ہوں اور میں اپنے ملک سے پیار کرتی ہوں۔ میں ہندوستان سے اتنا ہی پیارکرتی ہوں جتنا کہ ہر کوئی کرتا ہے۔ عطاری نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا۔
جیسے ہی مجھے احساس ہوا کہ میں نے غلطی کی ہے، میں نے پوسٹ کو ڈیلیٹ کردیا۔ اگر میں نے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہوتو میں معذرت خواہ ہوں۔علاوہ ازیں کشمیر کے دو میڈیکل کالجوں سے تعلق رکھنے والے طلباء، وارڈنز اور عملے پر بھی مبینہ طور پرغیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جب انہوں نے ہندوستان مخالف نعرے لگائے اور اتوار کے ٹی20 ورلڈ کپ میچ میں پاکستان کی جیت کا جشن منایا۔