مانچسٹر ۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریزکا پہلا ٹسٹ چہارشنبہکو شروع ہو گا اور اس سیریز کےلئے دونوں ٹیموں کی تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئیں۔ مہمان ٹیم پاکستان نے مانچسٹر میں بھرپور پریکٹس کی۔انگلش ٹیم جس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹسٹ میں شکست کے باوجود تین مقابلوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کی ہے اور اس کامیابی سے اس کے حوصلے بلند ہیں اور پاکستان کے خلاف سیریز میں کامیابی کےلئے پرعزم ہے۔
علاوہ ازیں انگلش بورڈ نے سابق بیٹسمین جوناتھن ٹروٹ کو سیریز کے لیے ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقررکیا ہے۔انگلش آل راونڈر کرس ووکس نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم خطرناک حریف ہے لیکن وہ سیریز کا آغازکامیاب انداز میں کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان ٹیم نے مانچسٹر میں ایک اور بھرپور ٹریننگ سیشن مکمل کیا۔ اس سیشن میں کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ کے ساتھ بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی خوب پریکٹس کی۔
سیریز کے لیے انگلش ٹیم کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ آل راونڈر کرس ووکس کے بموجب کسی بھی حریف کو کمزور نہیں سمجھ سکتے، پاکستان ٹیم خطرناک ہے، جس میں نوجوان اور تجربہ کارکھلاڑی موجود ہیں۔کرس ووکس نے کہا کہ ان کی ٹیم سیریز کھیل کر آرہی ہے جس کا فائدہ ہوگا، لیکن پاکستان ایک چیلنجنگ ٹیم ہے، اس کے خلاف وہ سیریز میں کامیاب آغاز چاہتے ہیں۔