Sunday, June 8, 2025
Homeتلنگانہپروفیسر رحمت یوسف زئی پر سہ روزہ تقاریب کا اعلان

پروفیسر رحمت یوسف زئی پر سہ روزہ تقاریب کا اعلان

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ پروفیسر رحمت یوسف زئی اردو دنیا میں تعارف کے محتاج نہیں ہیں اورانکی گراں خدمات کی وجہ سے ان کا نام اردو دنیا میں ان مٹ ہوچکا ہے۔ سابق صدر شعبہ اردو حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی پروفیسر رحمت یوسف زئی کی نصف صدی سے زائد عرصہ پر محیط علمی، ادبی، تحقیقی، تدریسی، تعلیمی اور فنی خدمات کے اعتراف کے سلسلے میں تلامذہ یوسف زئی، رفقا، معاصرین، محبان اردو کے علاوہ نمائندہ ادبا، شعرا اوردانشوران کی جانب سے پروفیسر رحمت یوسف زئی ایک ہمہ جہت شخصیت کے زیر عنوان سہ روزہ جشن اعتراف خدمات کا شہر حیدرآبادمیں انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے ۔

اس خصوص میں پروفیسر سید فضل اللہ مکرم پروفیسر شعبہ اردو حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی جو اس جشن کے صدر استقبالیہ کمیٹی بھی ہیں کے ساتھ منعقدہ ایک مشاورتی اجلاس میں یہ طئے کیا گیا ہے کہ اپنی نوعیت کے ایک انتہائی منفرد جشن کے موقع پر پروفیسر یوسف زئی کے تلامذہ، رفقا، محبان اردو، ادبا، شعرا اور نمائندہ دانشوران کے مقالہ جات ، مضامین، تاثرات ، خاکے اور منظومات پرمبنی ایک خصوصی مجلہ یا کتاب کی اشاعت بھی عمل میں لائی جائے گی۔ نیز ایک قومی سمینار، شام غزل اورکل ہند مشاعرے کا بھی انعقاد عمل میں آئے گا۔

اس سمینار کا ایک سیشن مشینی ترجمے کے لئے بھی مختص کیا جا رہا ہے ۔ اس خصوص میں ابتدئی تیاریوں کا آغازہو چکا ہے ۔اس سہ روزہ جشن کے نظام العمل کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔نائب صدر نشین استقبالیہ کمیٹی پروفیسر خالد مبشر الظفر’ نائب معتمد ڈاکٹر نکہت آرا شاہین اور ڈاکٹر فریدہ وقارخازن استقبالیہ کمیٹی نے تلامذہ پروفیسر یوسف زئی، ان کے رفقا، ادبا، شعرا، دانشوران، خواتین و حضرات اور محبان اردو سے اس موقع پر شائع کئے جانے والے خصوصی مجلے یا کتاب کے لئے اپنامقالہ ، مضمون، تاثرات، خاکہ یا منظومات 10 مئی 2019 تک ای میل[email protected]  پر ارسال کرنے کی خواہش کی ہے ۔