Thursday, April 24, 2025
Homesliderپلوامہ خودکش بم حملے کا جشن منانے والے کرناٹک کے نوجوان کو...

پلوامہ خودکش بم حملے کا جشن منانے والے کرناٹک کے نوجوان کو 5 سال قید کی سزا

- Advertisement -
- Advertisement -

بنگلورو۔ یہاں کی ایک خصوصی عدالت نے انجینئرنگ کے ایک طالب علم کو جس نے 2019 کے پلوامہ خودکش بم حملے کا جشن منایا تھا، کو پانچ سال قید اور 10,000 روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔بنگلورو کے ایک معروف کالج میں الیکٹرانکس اور کمیونیکیشن کے تیسرے سمسٹر کے طالب علم فیض رشید نے گھناؤنے خودکش بمبار دہشت گردانہ حملے کی حمایت کی تھی اور ملک کی خودمختاری اور سالمیت کو چیلنج کرنے والے سوشل میڈیا پر تبصرے بھی کیے تھے۔

ان کے پیغامات کا مقصد بھی فرقہ وارانہ فساد پیدا کرنا تھا۔ اس کے پیغامات سے عوامی غم و غصہ پیدا ہونے کے بعد بنگلورو میں بناسوادی پولیس نے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی ۔پولیس نے ان پر تعزیرات ہند کی مختلف دفعات اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور مقدمہ کو مزید تفتیش کے لیے سی سی بی کے خصوصی یونٹ کو منتقل کردیا گیا تھا۔ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد اس کا موبائل قبضے میں لے لیا گیا اور فرانزک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) سے رپورٹ لی گئی۔ چارج شیٹ خصوصی این آئی اے عدالت میں پیش کی گئی۔

گرفتاری کے دن سے ہی اسے عدالتی حراست میں رکھا گیا تھا تمام قانونی مراحل کی تکمیل کے بعد عدالت نے اسے 5 سال کی قید کی سزا سنائی ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ پلوامہ حملہ 14 فروری 2019 کو ہوا تھا ، جب جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ہندوستانی سیکورٹی عہدیداروں کو لے جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر ایک گاڑی میں سوار خودکش بمبار نے حملہ کیا  تھا ، جس میں 40 عہدیدار ہلاک ہوئے تھے  اور ہندوستان بھر میں غم و غصہ کی لہر پیدا ہوئی تھی ۔