ممبئی ۔عوام کو آج ایک اور جھٹکا لگا ہے کیونکہ ملک کے میٹرو اور اہم شہروں میں پٹرول کی قیمت میں پھر اضافہ ہوا ہے اور کئی مقامات پر پٹرول بی لیٹر 80 روپئے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔ پٹرول کی قیمت جمعہ کے روز پھر بڑھ گئی۔ ملک کی معاشی دارالحکومت ممبئی میں 7 ہفتے بعد پھر پٹرول کی قیمت 80 روپے کے اوپر چلی گئی۔ ملک کے چار میٹرو پولیٹن شہروں دہلی، کولکاتہ، ممبئی اور چینائی میں پٹرول کی قیمت میں 15 سے 16 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہو گیا۔ دوسری طرف ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت دو مہینے کی اونچی سطح پر بنی ہوئی ہے۔
انڈین آئل کی ویب سائٹ کے مطابق دہلی، کولکاتہ، ممبئی اور چینائی میں پٹرول کی قیمت بڑھ کر بالترتیب 74.35 روپے، 77.04 روپے، 80.01 روپے اور 77.29 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ چاروں میٹرو پولیٹن شہروں میں ڈیزل کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے بالترتیب 65.84 روپے، 68.25 روپے، 69.06 روپے اور 69.59 روپے فی لیٹر پر بنی ہوئی ہے۔
تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے جمعہ کو دہلی، کولکاتہ اور ممبئی میں پٹرول کی قیمت میں 15 پیسے جب کہ چینائی میں 16 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا۔ ممبئی میں اس سے پہلے 3 اکتوبر کو پٹرول کی قیمت 80.11 روپے فی لیٹر تھی اور تقریباً سات ہفتے بعد یہ قیمت پھر سے 80 سے عبور کرچکی ہے ۔
بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت میں دو دنوں کی تیزی کے بعد نرمی کے ساتھ کاروبار چل رہا تھا، حالانکہ قیمت تقریباً دو مہینے کی اونچی سطح پر ہے۔ بنچ مارک خام تیل برینٹ کروڈ کی قیمت 63 ڈالر فی بیرل کے اوپر بنا ہوا ہے۔ بین الاقوامی وعدہ بازار انٹرکانٹی نینٹل ایکسچینج (آئی سی ای) پر برینٹ کروڈ کا جنوری معاہدہ جمعہ کو گزشتہ سیشن سے 0.56 فیصد کی نرمی کے ساتھ 63.61 ڈالر فی بیرل پر بنا ہوا تھا۔ وہیں امریکی لائٹ کروڈ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے جنوری معاہدہ میں گزشتہ سیشن سے 0.67 فیصد کی نرمی کے ساتھ 58.19 ڈالر فی بیرل پر کاروبار چل رہا تھا۔