Sunday, June 8, 2025
Homeاسپورٹسپی سی بی کو ہندوستان سے سبق سیکھنا چاہیئے : شعیب اختر

پی سی بی کو ہندوستان سے سبق سیکھنا چاہیئے : شعیب اختر

- Advertisement -
- Advertisement -

کراچی۔ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر پاکستان کرکٹ بورڈ پر شدید تنقید کی ہے ۔ انہوں نے ٹیم مینجمنٹ میں سابق کھلاڑیوں کو شامل نہ کرنے پر پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس ضمن میں شعیب اختر نے ہندوستان کی مثال بھی پیش کی جہاں بی سی سی آئی کی کمان سابق کپتان سوروگنگولی کے ہاتھ میں ہے۔ شعیب اپنی بیباک رائے دینے کے لئے جانے جاتے ہیں۔ خراب فیصلوں پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی بھی تنقید کرتے رہے ہیں۔

 ایک چاٹ شو میں اختر نے کہا کہ پی سی بی کو دوسرے ممالک سے سیکھنا چاہئے کہ سابق کھلاڑیوں کا ملک میں کرکٹ کو آگے لے جانے کے لئے کس طرح استعمال کیا جانا چاہئے۔ شعیب اختر نے ساتھ ہی پاکستان میں ایلیٹ کلاس کی ذہنیت پر بھی سوالیہ نشان لگائے۔ اختر نے کہا کہ اعلی عہدوں پر بیٹھے افراد اپنے ماتحت صرف کمزور لوگوں کو ہی دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ انھیں انتظامیہ میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 اختر نے کہا کہ سبھی کرکٹ کھیلنے والے ممالک نے انتظامیہ میں سابق کرکٹرز کو شامل کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ نئے نئے مقام حاصل کر رہے ہیں۔ وہیں پی سی بی نے ایسا نہیں کیا ، یہی وجہ ہے کہ ملک میں کرکٹ جدوجہد کر رہا ہے۔اس دوران شعیب اختر اتنے ناراض ہوگئے کہ انہوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ میرا کام صرف ٹی وی پر بیٹھنا نہیں ہے ، مجھے پاکستان کا کرکٹ چلانے کا موقع ملنا چاہئے۔ اختر نے ہندوستان اورجنوبی افریقہ کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ گنگولی بی سی سی آئی کے صدر ہیں ، راہول دراوڑ این سی اے چیئرمین ہیں جبکہ گرائم اسمتھ کرکٹ ڈائریکٹر ہیں اور مارک باوچر ہیڈ کوچ ہیں۔ جبکہ پاکستان میں اس کے برعکس ہے۔