نئی دہلی : سی بی آئی کی عدالت نے پیرکوسابق وزیر خزانہ اور کانگریس کے سینئیر رہنما پی چدمبرم کی آئی این ایکس میڈیا کیس میں سی بی آئی کی تحویل میں 30اگسٹ تک توسیع کر دی۔سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے جج اجئے کمار کو ہر نے سی بی آئی اور چدمبرم کے وکیل کی دلیلیں سننے کے بعد اپنے حکم کا اعلان کیا۔
سی بی آئی کی جانب سے اپیل کرتے ہوئے سالیسٹرجنرل تشار مہتا نے تحویل کیں پانچ دنوں کی توسیع کرنے کی مانگ کی۔جبکہ چدمبرم کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے ،سینئیر ایڈوکیٹ کپل سبل نے سی بی آئی تحویل میں توسیع کی درخواست کی مخلفت کرتے ہوئے کہا کہ سابق مرکزی وزیر پر عائد الزامات کو ثابت کرنے کے لئے ابھی تک کوئی دستاویز نہیں دکھائی گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ جمعرات کو چدمبرم کی گرفتاری کے بعد 26اگسٹ تک سی بی آئی کی تحویل میں بھیج دیا گیا تھا۔