بی جے پی کے سینئیر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سوامی چنمیانند پر عصمت دری کا الزام لگانے والی متاثرہ طالبہ کو ایس آئی ٹی نے اپنی تحویل میں لے لیا۔یوپی پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے متاثرہ لڑکی،جو قانون کی تعلیم حاصل کر رہی ہے،کو پوچھ تاچھ کے لئے پولیس اپنے ساتھ لے گئی ہے۔
متاثرہ لڑکی نے شاہجہاں پور کی مقامی عدالت سے گرفتاری سے استثنیٰ کی اپیل کی ہے۔ذرائع کے مطابق جب مذکورہ لرکی عدالت میں اپنی درخواست دائر کرنے جا رہی تھی تو پولیس نے راستے میں ہی اسے روک لیا اور ساتھ لے گئی۔پولیس نے متاثرہ لڑکی پر جبراً رقم وصولی کا مقدمہ بھی درج کیا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ پیر کو الہ آباد ہائی کورٹ نے سابق مرکزی وزیر سوامی چنمیانند کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کے معاملہ میں شاہجہاں پور کی متاثرہ طالبہ کی گرفتاری روکنے کی درخواست پر کسی قسم کی راحت دینے سے انکار کر دیا۔
ادھر،جمعہ کے روز گرفتار ہونے والے چنمیانند کو پیر کے روز شاہجہاں پور جیل سے لکھنؤ کے اسپتال لے جایا گیا،جہاں انہوں نے دل سے متعلقہ پریشانیوں کے لئے انجیو گرافی کی گئی۔اس معاملے کی تحقیقات کر نے والی خصوصی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے ایک مہر بند لفافے میں دو ججوں کے بنچ کو اپنی رپورٹ پیش کی۔