لکھنؤ: بی جے پی کے سینئیر رہنما و سوامی چنمیانند پر عصمت دری اور بلیک میلنگ کا الزام لگانے والی قانون کی طالبہ کو بھی جلد گرفتار کیا جا سکتا ہے۔خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کے ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ چنمیانند سے رقم کی وصولی کے لئے،متاثرہ لڑکی کے دوست سنجے سنگھ اور دو سگے بھائی،سچن اور وکرم نے چنمیانند کو فون کیا تھا اور متاثرہ لڑکی بھی اس سازش میں شامل تھی۔
جمعہ کے دن،چنمیانند کو گرفتار کرکے جیل بھیجنے کے چندگھنٹوں کے بعد ہی تینوں نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ تمام تحقیقات کے احکامات سپریم کورٹ نے دئے ہیں،لہذا ایس آئی ٹی متاثرہ لڑکی کو گرفتار کرنے سے قبل عدالت کو اس سے آگاہ کر سکتی ہے۔
ایس آئی ٹی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ”متاثرہ لڑکی جبراً رقم وصولی کے معاملہ میں سرگرم تھی اور ہم اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں،اور مناسب وقت پر اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔واضح ہو کہ چنمیانند کے ادارے کے ایک کالج میں زیر تعلیم قانون کی اس طالبہ نے چنمیانند پر بلیک میل کرکے اسکی ایک سال تک عصمت دری کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔جس کے بعد چنمیانند کو گرفتار کیا گیا ہے۔مگراب کہا جا رہا ہے کہ اسی طالبہ کو جبراً رقم وصولی کے الزام کے تحت گرفتار کیا جا سکتا ہے۔