Friday, April 19, 2024
Homesliderچین کی فوج دنیا کی طاقت ور فوج، ہندوستان کا چوتھا مقام

چین کی فوج دنیا کی طاقت ور فوج، ہندوستان کا چوتھا مقام

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ حالیہ دنوں میں ہند۔ چین کشیدگی نے سرخیوں میں اپنا اہم مقام بنایا تھا اور دونوں ممالک کی سرحدوں پراشتعال انگیزی اورتناؤ کی وجہ سے فوجیوں کو اپنی جان کی قربانی دینی پڑی تھی ۔جہاں ان واقعات نے دونوںممالک کی فوجی طاقت کے ضمن میں عوام کے ذہنوں میں سوالات پیدا کردئے تھے وہیں اب مختلف ممالک کی فوجی طاقت اور ان کی صف بندی کے متعلق ایک تحقیق میں کہا گیا ہے  کہ چین کی فوج دنیا کی سب سے طاقتور فوج ہے ۔

تفصیلات کے بموجب دفاعی امور کی ویب سائٹ ملٹری ڈائریکٹ کے ذریعہ جاری کردہ ایک مطالعے کے مطابق چین کے پاس دنیا کی سب سے طاقتور فوج موجود ہے جبکہ اس صف بندی میں ہندوستان چوتھے مقام  پر موجود ہے۔مذکورہ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ امریکہ  جو فوج پر بہت زیادہ رقم خرچ کرتا ہے ، 74 نشانات  کے ساتھ دوسرے مقام  پر موجود ہے۔ اس کے بعد روس 69 نشانات  کے ساتھ تیسرے اور ہندوستان 61 نشانات  کے ساتھ چوتھے اور فرانس 58 نشانات کے ساتھ پانچویں مقام  پر ہے۔ برطانیہ 43 نشانات کے ساتھ نویں مقام  پر ہے۔

اس تحقیق میں کہاگیاہے کہ فوج کی طاقت کا پیمانہ  مختلف عوامل پر غور کرنے کے بعد تیار کیا گیا تھا جن میں بجٹ ، فعال اور غیر فعال فوجی عہدیداروں کی تعداد ، فضائی ،بحری ، زمینی اور جوہری وسائل ، اوسط تنخواہ اورعصری  آلات کی تعداد اس میں  شامل ہیں۔ان تمام عوامل کے پیش نظر کی جانے والی تحقیق  میں کہا گیا ہے  چین کے پاس دنیا کی سب سے طاقتورفوج ہے۔ اسے مختلف عوام کے لحاظ سے تیار کردہ 100 نمبرا ت کے حامل انڈیکس میں سے 82 نشانات ملے ہیں ۔مطالعہ کے مطابق بجٹ ، فوج اور فضائی  اور بحری صلاحیت جیسے چیزوں پر مبنی یہ اسکور بتاتے ہیں کہ چین خیالی تصادم میں فاتح کے طور پر سب سے آگے ہو چکاہے ۔

ویب سائٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ دنیا میں فوج پر سب سے زیادہ 732 بلین ڈالر خرچ کرتا ہے۔ اس کے بعد چین دوسرے مقام پر ہے اور اس نے 261 ارب ڈالر اور ہندوستان نے 71 ارب ڈالر خرچ کیے ہیں۔اس تحقیق میں کہاگیاہے کہ اگر جنگ  ہوئی تو چین بحری لڑائیوں میں کامیابی حاصل کرے گا۔ امریکہ فضائی جنگ  میں کامیابی حاصل کرے گا اور زمینی لڑائیوں میں روس کامیاب بن کر ابھرے گا ۔