Wednesday, April 23, 2025
Homesliderڈاکٹر کو محبت کے جال میں پھنسانے  کی سازش، دوست کے ساتھ...

ڈاکٹر کو محبت کے جال میں پھنسانے  کی سازش، دوست کے ساتھ خاتون گرفتار

- Advertisement -
- Advertisement -

بنگلورو۔ کرناٹک پولیس نے بنگلورو میں ایک ڈاکٹر سے ہنی ٹریپ (محبت کا جال ) اور 1.16 کروڑ روپے کی جبری وصولی کے سلسلے میں ایک خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے بموجب  کلبرگی کے الند شہر کے ڈاکٹر شنکر بابو راؤ نے اپرپیٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی۔ بعد میں اس مقدمہ کی تحقیقات اسپیشل ونگ سی سی بی نے کی۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ کلبرگی سے تعلق رکھنے والے متاثرہ ڈاکٹر کا دوست ناگراج اس سازش کے پیچھے سرغنہ تھا۔

 پولیس کے مطابق بابو راؤ ایک خانگی دواخانہ چلاتے تھے اور اپنے بیٹے کے لیے میڈیکل کورس میں داخلہ لینا چاہتے تھے۔ بابو راؤ کے دوست ناگراج نے انہیں بنگلورو کے ایک معروف میڈیکل کالج میں اپنے بیٹے کے لیے میڈیکل سیٹ دلانے کا یقین دلایا تھا اور میڈیکل سیٹ کے لیے 66 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ شکایت کے مطابق شکایت کنندہ ڈاکٹر نے ملزم ناگراج کو قسطوں کے ذریعے 66 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔ تاہم جب وہ اپنے بیٹے کے لیے میڈیکل سیٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا، تو بابو راؤ نے ناگراج سے رقم واپس کرنے کو کہا۔ بار بار کہنے کے باوجود رقم واپس نہیں کی گئی۔ ناگراج نے اس کے بجائے بابو راؤ سے رقم اکٹھی کرنے کے لیے بنگلور آنے کو کہا۔ اس نے جنوری 2020 میں اپنے (بابوراؤ) کے لیے رہائش بھی بک کروائی تھی اور ملزم بھی اسی لاج میں مقیم تھا۔

 ڈاکٹر نے پولیس کو بتایا تھا کہ صبح سویرے اس نے اپنے کمرے کے دروازے پر دستک کی آواز سنی۔ اس نے کھولا تو دو عورتیں اندر داخل ہوئیں اور بستر پر بیٹھ گئیں۔ اس کے فوراً بعد خود کو پولیس کہنے والے تین افراد بھی آئے اور الزام لگایا کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر کو ان خواتین کے ساتھ کھڑا کیا اور تصاویر بھی کلک کیں۔ ڈاکٹر سے طلائی زیورات اور 35 ہزار روپے لے گئے۔ پھر ناگراج نے ڈاکٹر کی مدد کے بہانے اپنے دوست کو بلایا۔ اس کے دوست نے پولیس کو اس کے خلاف جسم فروشی کا مقدمہ درج کرنے سے روکنے کے لیے ڈاکٹر سے 70 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ جب ڈاکٹر نے دعویٰ کیا کہ اس کے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں تو اس نے اسے 50 لاکھ روپے دینے کو کہا۔

 اس رقم کی ادائیگی کے بعد بھی ناگراج نے ان دو خواتین کی ضمانت حاصل کرنے کے لیے مزید 20 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا جو اس کے کمرے میں آئی تھیں اور انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ جب ڈاکٹر نے رقم دینے سے انکار کیا تو ملزم نے چار اجنبیوں کو بھیج کر اسے دھمکیاں دینے کی کوشش کی۔ ملزم نے اسے تھانے آنے کو کہا۔ لیکن جب متاثرہ نے ہمت کرتے ہوئے  ان سے پوچھ گچھ کی تو وہ فرار ہو گئے۔ ڈاکٹر نے واقعہ کے حوالے سے شکایت درج کروائی اور پولیس نے اب تک چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔