Wednesday, April 23, 2025
Homesliderڈگری کالج کی 60 باحجاب طالبات کو گھر واپس بھیج دیا گیا

ڈگری کالج کی 60 باحجاب طالبات کو گھر واپس بھیج دیا گیا

- Advertisement -
- Advertisement -

منگلورو (کرناٹک)۔ کرناٹک کے اڈوپی ضلع میں گورنمنٹ جی شنکر میموریل ویمنس فرسٹ کلاس ڈگری کالج میں زیر تعلیم تقریباً 60 فائنل ایئر طالبات کو جمعرات کو اس وقت گھر واپس بھیج دیا گیا جب انہوں نے حجاب اتارنے سے انکار کر دیا تھا۔مسلم طالبات نے کالج انتظامیہ سے بحث کی کہ چیف منسٹر  نے وضاحت کی ہے کہ ڈگری کالجوں میں یکساں ضابطہ نہیں ہے، لیکن عہدیداروں نے کہا کہ کالج کی ترقی کمیٹی نے قواعد واضع کیے ہیں۔
طالبات کا اصرار تھا کہ وہ سر ڈھانپے بغیر کلاس میں نہیں آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حجاب اور تعلیم دونوں ان کے لیے اہم ہیں۔ وہ یہ بھی چاہتی تھی کہ اگر حکومت ڈگری کالجوں میں یکساں ضابطہ متعارف کرانے کا فیصلہ کرتی ہے تو کالج کمیٹی اسے تحریری طور پر فرا ہم کرے ۔ایک طالبہ نے صحافیوں کو بتایا کہ چیف منسٹر  نے واضح کیا ہے کہ ڈگری کالجوں میں حجاب کا اصول نافذ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے اس بارے میں پوچھا تو وہ کہتے ہیں کہ یہاں صرف کالج کمیٹی کا فیصلہ نافذ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حجاب ان کی زندگی کا ایک حصہ ہے اور وہ اسے ہر وقت کلاسوں میں پہنتی ہیں۔ انہوں نے کہا جب کوئی آپ سے اچانک اسے اتارنے کو کہے تو اسے نہیں اتارا جا سکتا۔ ہم نے کالج سے کہا ہے کہ وہ ہمارے لیے آن لائن کلاسز کا انعقاد کرے ۔طالبات نے  کہا ہے  کہ جب تک ہائی کورٹ اس معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں دیتی وہ کالج نہیں آئیں گی اور کلاسز میں شرکت نہیں کریں گی۔کالج میں کلاسز خوش اسلوبی سے جاری ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے کالج کے احاطے میں پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، اُڈپی کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سدالنگپا نے میڈیا کو بتایا کہ کالج کے دوبارہ کھلنے کے دوسرے دن ضلع کے تمام کالجوں میں صورتحال پرامن رہی۔انہوں نے کہا کہ وہ مسلم طالبات جو حجاب اتارنے کی خواہشمند تھیں انہیں گورنمنٹ جی شنکر کالج میں کلاسز میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔ ایم جی ایم کالج نے آج چھٹی کا اعلان کیا اور جمعہ کو امتحانات کے لیے کھلیں گے۔