Friday, April 26, 2024
Homesliderکالج کی فیس ادا کرنے کےلئے طالب علم نے 14 سالہ لڑکے...

کالج کی فیس ادا کرنے کےلئے طالب علم نے 14 سالہ لڑکے کا اغواء کیا

- Advertisement -
- Advertisement -

بنگلورو۔ کرناٹک پولیس نے بی کام کے ایک طالب علم کو یہاں تعلیم جاری رکھنے کے لیے فیس کی رقم کا بندوبست کرنے کے لیے 14 سالہ لڑکے کو اغوا کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے اس واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ  گرفتار طالب علم کی شناخت ایم سنیل کمار (23 سالہ ) کے طور پر کی گئی ہے، جو ایک بی کام کا طالب علم ہے جو شام کے کالج میں پڑھتا تھا۔ پولیس نے اس کے ساتھی وائی وی  ناگیش کو بھی گرفتارکرلیا ہے۔ ناگیش، چکبالا پور شہر کے منڈیکل کا رہنے والا ہے ۔

پولیس کے مطابق ملزمین نے کارپوریٹ کمپنی کے منیجر رمیش بابو کے بیٹے بھاویش کو 2 ستمبر کو مانیتا لے آؤٹ میں واقع اس کی رہائش گاہ سے اغوا کیا تھا۔ ملزم کو معلوم تھا کہ بھاویش سیلر کے کمرے میں اکیلا سوتا ہے۔ملزم نے اپنا چہرہ ماسک سے ڈھانپ رکھا تھا اور بھاویش کے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ جب اس نے دروازہ کھولا تو اغوا کاروں نے اسے چاقو سے ڈرایا، اسے اس کے والد کی گاڑی میں لے گئے۔اگلے روز ملزم نے اپنے موبائل سے لڑکے کے والد کو فون کیا  اور بیٹے کی رہائی کے لیے 15 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ رمیش بابو اور ان کی بیوی نے رقم کا بندوبست کیا اور انہیں ادا کیا۔

اس سے نقد رقم  کا تھیلا شہر کے مضافات میں ریلوے ٹریک کے قریب رکھنے کو کہا گیا۔ ملزم نے رقم جمع کر کے بھاویش کو چھوڑ دیا تھا۔ اپنے بیٹے کی واپسی کے بعد رمیش بابو نے سمپی گہلی پولیس میں شکایت درج کروائی تھی۔ٹیم کی سربراہی اے سی پی ٹی رنگپا اور انسپکٹر کے ٹی ناگاراجو معاملے  کو حل کرنے  میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج، موبائل لوکیشن کا تجزیہ کرنے کے بعد ملزم کو گرفتار کیا ۔

پولیس نے بتایا کہ بنگلے میں 18 سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔سنیل کمار نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنی کالج کی فیس ادا کرنے کے لیے جرائم کا ارتکاب کیا۔ وہ تعمیراتی مزدور اور باغبان کے طور پر کام کرتا تھا۔ وہ فیس ادا نہیں کرسکتا تھا اور اس کے دوستوں میں سے کسی نے بھی اس کی مددنہیں کی۔

وہ چند ماہ قبل بھاویش کے گھر باغ کا کام کرنے گیا تھا۔ ملزم نے بھاویش سے بات کی تھی اور منصوبہ بنایا تھا کہ اگر لڑکے کو اغوا کر لیا جائے تو وہ پیسے کما سکتا ہے۔ اس نے اپنا خیال کیب ڈرائیور ناگیش کو بتایا  تھا جس نے اغوا کے منصوبے سے اتفاق کیا۔تاوان کی رقم ملنے کے بعد ملزم نے اپنے کالج کی فیس ادا کر دی تھی۔ اس نے یلہنکا میں ایک کمرے کے لیے پیشگی رقم بھی دی تھی۔ اس نے ایک نئی موٹر سائیکل اور ڈیجیٹل کیمرہ خریدا تھا اور باقی رقم اپنے پاس رکھ لی تھی۔