حیدرآباد۔ ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم اولمپکس کے سیمی فائنل میں پہلی مرتبہ حاصل کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی ہے جس کے بعد ہر سمت سے خوشی اور مبارکبادی کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے جس میں بالی ووڈ اسٹار شاہ رُخ خان کی مبارکبادی پر ٹیم کے کوچ جوڈ میریجین کا جواب توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جس کی اصل وجہ شاہ رخ خان کی چیک دے انڈیا فلم اور ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستانی خاتون ٹیم کی کامیابی میں کئی زاویوں کی مماثلت ہے ۔
شاہ رُخ خان نے 2007 ءمیں ریلیز ہوئی چک دے انڈیا فلم میں ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کے کوچ کا کردار نبھایا تھا جس میں ہندوستانی کھلاڑیوں کو نئے جذبے کے ساتھ فتوحات حاصل کرنے کی راہ پر کوچ کبیر خان نے گامزن کیا تھا اور یہ فلم بالی ووڈ کی چنندہ بہترین فلموں میں شمار ہوتی ہے۔ اس تناظر میں جب شاہ رُخ خان نے ہندوستانی ٹیم کے موجودہ اور اصل کوچ کو مبارکباد دی تو انھوں نے بھی جواب میں خوش دلی کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شاہ رُخ خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ کروڑہا ہندوستانی شائقین کے لئے گولڈ میڈل جیت کر آئیں۔ فلمی کوچ کبیر خان کی اِس تمنا پر میریجین نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آپ تمام کے تعاون اور محبتوں کا شکریہ اور ہم سنہری کامیابی کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
یادر ہےکہ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے پہلی مرتبہ اولمپک گیمز کے سیمی فائنل میں داخل ہو کر تاریخ کی کتابوں میں اپنا نام درج کروایا ہے ، تین مرتبہ کی چمپئن اور عالمی نمبر 2 آسٹریلیا کے خلاف پیر کو یہاں ایک آخری آٹھ ٹیموں کے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم نے 1-0 سے کامیابی حاصل کی۔.ہندوستانی مردوں کی ٹیم 49 سال کے وقفے کے بعد اولمپک سیمی فائنل میں داخل ہونے کے ایک دن بعد عالمی نمبر 9 خواتین کی ٹیم نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری چارٹیموں میں جگہ بنائی ہے۔ میچ میں شرکت سے قبل مشکلات پوری طرح ہندوستان کے مد مقابل تھیں جیسا کہ عالمی نمبر 2 آسٹریلیا کی شکل میں ایک زبردست ناقابل شکست حریف ان کا منتظر تھالیکن ہندوستانی کھلاڑیوں نے ایک اکائی ثابت کرنے کے لیے پرعزم ہوکر مضبوط اور بہادر کارکردگی دکھائی۔